لندن،4جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برطانوی پولیس نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ لندن میں بورو مارکیٹ میں متعدد افراد کو چاقو کے واروں کا نشانہ بنانے والے تینوں حملہ آوروں (جن کو پولیس نے ہلاک کر دیا) نے جعلی بارودی بیلٹیں باندھ رکھی تھیں۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کے اہل کاروں نے "فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بہادری کے ساتھ ان تینوں حملہ آوروں کو قابو کر لیا جو لندن بِرج سے متصل علاقے بورو مارکیٹ میں مارے گئے"۔ حملہ آوروں نے پہلے ایک چھوٹی ویگن کے ساتھ لوگوں کو کچل ڈالنے کی کوشش کی تھی۔پولیس کو اطلاع کے لیے کی جانے والی پہلی فون کال کے بعد آٹھ منٹوں کے اندر ہی تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد نے بارودی جیکٹیں پہن رکھی تھیں جن کے بارے میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ جعلی تھیں۔