منیلا،28مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلپائن کے جنوبی علاقے کے شہر مراوی میں داعش کے ساتھ نسبت رکھنے والے عسکریت پسندوں اور حکومتی فوج کے درمیان چھ روز سے لڑائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اب تک ایک سو کے قریب ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ان ہلاک شدگان میں61 عسکریت پسند ہیں۔ ابھی شہر میں دو ہزار عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ جنگی طیاروں، گن شپ ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سے لیس فلپائنی فوج کو مراوی شہر میں سے عسکریت پسندوں کا صفایا کرنے میں خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق شہر میں چھپ چھپ کر لڑائی کرنے والے عسکریت پسندوں کا تعلق ماؤتے گروپ یا ’اسلامک اسٹیٹ آف لاناؤ‘ سے ہے۔ آج حکام کو مراوی شہر کے باہر ایک کھائی میں سے آٹھ انسانی لاشیں ملی ہیں، جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ایک لاش پر عسکریت پسندوں نے ’منافق‘ کی پرچی چسپاں کر رکھی تھی۔