مقبوضہ بیت المقدس،28جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مسجد اقصیٰ پر چودہ روز تک فلسطینیوں کے داخلے پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کے بعد فلسطینی شہری آج پہلی بار جمعہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں جمع ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے قبلہ اول اور اس کیاطراف کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔حرم قدسی میں جاری کشیدگی کیجلو میں فلسطینی شہریوں کی مسجد اقصیٰ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق القدس کے شہری آج جمعہ نصرت الاقصیٰ منا رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کا راستہ روکنے کے لیے مختلف حربے اختیار کیے ہیں۔ جگہ جگہ رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ 50سال سے کم عمر کے فلسطینیوں کو قبلہ اول میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
مسجد میں گذشتہ روز سے اعتکاف میں بیٹھے سیکڑوں شہریوں کو اسرائیلی فوج نے باہر نکال دیا ہے۔ جمعرات کی شام اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے قبلہ اول کو گھیرے میں لے لیا اور مسجد میں موجود فلسطینیوں کو باہر نکال دیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے بڑی تعداد میں شہریوں کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے باب الجنائز میں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور مسجد اقصیٰ کی بجلی بند کردی گئی تاکہ وہاں پرموجود شہری مسجد سے باہر نکلنے پر مجبور ہوجائیں۔