ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ترک فوج کے ڈیڑھ سو جنرل برخاست، سو نشریاتی ادارے بھی بند

ترک فوج کے ڈیڑھ سو جنرل برخاست، سو نشریاتی ادارے بھی بند

Fri, 29 Jul 2016 16:09:21  SO Admin   S.O. News Service

انقرہ29جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترک فوج کے ڈیڑھ سو جنرل ملازمت سے برخاست جب کہ سو سے زائد ٹیلی وژن، ریڈیو اسٹیشن اور اخبارات بھی بندکردیے گئے ہیں۔ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد شروع کی جانے والی ان کارروائیوں کو تطہیری عمل قراردیاجارہاہے۔انقرہ سے جمعرات اٹھائیس جولائی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پندرہ جولائی کو ترک فوج کے قریب نو ہزار اہلکاروں پر مشتمل ایک دھڑے نے اقتدار پر قبضے کی جو کوشش کی تھی، وہ تقریباََتین سوافراد کی ہلاکت کا سبب بنی تھی۔اس ناکام بغاوت کے بعد انقرہ حکومت نے مکی فوج، عدلیہ، تعلیمی شعبے اور میڈیا میں وسیع ترکارروائیوں کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے، اس دوران ہزار ہا افراد کو ان کی سرکاری ملازمتوں سے برطرف کیا جا چکا ہے جب کہ قریب سولہ ہزار افراد بغاوت کی کوشش یا باغیوں کی حمایت کے الزام میں ابھی تک زیر حراست ہیں۔ان اقدامات پر ترک اپوزیشن اور مغربی دنیا کی طرف سے تنقید بھی کی جا رہی ہے، جو ان بے تحاشا گرفتاریوں اور برطرفیوں کو تطہیری عمل قرار دیتے ہیں۔ترکی کے سرکاری گزٹ میں آج جمعرات کو شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق اس ناکام فوجی بغاوت کے جرم میں صرف فوج اور بحریہ میں جنرل اور ایڈمرل کے عہدے کے جن اعلیٰ افسروں کو ان کی ملازمتوں سے برخاست کیا گیا ہے، ان کی مجموعی تعداد 149بنتی ہے۔ترک حکومت کی طرف سے اس بغاوت کی کوشش کا الزام امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے بہت بااثر ترک مسلم مبلغ فتح اللہ گولن پر لگایا جاتا ہے اور انقرہ نے واشنگٹن حکومت سے یہ مطالبہ بھی کر رکھا ہے کہ امریکا گولن کو ملک بدر کر کے ترکی کے حوالے کرے۔ترک سرکاری گزٹ کے مطابق ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک 87 ملٹری جنرل، 30 ایئر فورس جنرل اور بحریہ کے 32 ایڈمرل ملازمتوں سے برطرف کیے جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ترک مسلح افواج کے ان انتہائی اعلیٰ افسروں کی تعداد 149 بنتی ہے۔ وہ 1100 فوجی افسر، 436 جونیئر افسر اور ہزاروں فوجی اس تعداد کے علاوہ ہیں، جنہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آرمڈ فورسز سے نکالا گیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ترک شاخ کے مطابق انقرہ حکومت اب تک ملکی ذرائع ابلاغ کے خلاف بھی بہت سے اقدامات کر چکی ہے، خاص طور پر ان میڈیا اداروں کے خلاف جو صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی جماعت کے بارے میں ناقدانہ سوچ رکھتے ہیں۔ٹرکش گزٹ کے مطابق اب تک ملک میں تین خبر رساں اداروں، 16ٹیلی وژن اسٹیشنوں، 23 ریڈیو اسٹیشنوں، 45 اخبارات اور 15 جریدوں کی بندش کے حکومتی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 29 اشاعتی اداروں کی بندش کا حکم بھی دیا جا چکا ہے۔یہی نہیں ترکی میں اس ہفتے کے اوائل میں 42 صحافیوں کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کر دیے گئے تھے جب کہ کل بدھ ستائیس جولائی کے روز ماضی میں فتح اللہ گولن کے حامی اخبار زمان کے، جسے اب سرکاری انتطام میں لیا جا چکا ہے، 47 سابق صحافیوں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے تھے۔اسی دوران ترک وزیر خارجہ مولو چاوش اولو نے آج بتایا کہ فوج اور سرکاری محکموں میں تشکیل نو کے اسی عمل کے دوران ترک وزارت خارجہ کے 88 اہلکار بھی برطرف کر دیے گئے ہیں۔

ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد بھی آرمی چیف خلوصی اکار اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے
انقرہ29جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد بھی آرمی چیف خلوصی اکار اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ ملکی سپریم کونسل نے اکار کے ساتھ ساتھ تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کی بھی اُن کے عہدوں پر توثیق کر دی ہے۔ ایک ترجمان نے بتایا کہ اِس فیصلے کی منظوری سربراہِ مملکت رجب طیب ایردوآن نے دی ہے۔ اس سے پہلے ایردوآن نے ایک فرمان کے ذریعے ایک ہزار چھ سو چوراسی فوجی افسران کو، جن میں ایک سو اُنچاس جنرل بھی شامل تھے، فوج سے مستقل طور پر نکال دینے کے احکامات جاری کیے۔ ا ن تمام افسران پر الزام ہے کہ وہ پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت میں ملوث تھے۔


Share: