انقرہ،27مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک ناقد اخبار سوزجْو سے منسلک دو صحافیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ دونوں صحافی پچھلے ایک ہفتے سے پولیس کی تحویل میں تھے اور آج ہفتہ ستائیس مئی کو ایک جج نے اْن کی باضابطہ گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان دونوں صحافیوں کو اْن کے گھروں پر مارے گئے چھاپوں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ سوجْو اخبار سیکولر ہے اور فتح اللہ گولن کا بھی سخت مخالف ہے۔ ترکی کی مرکزی اپوزیشن جماعت پیپلز ریپبلکن پارٹی نے بھی اخبار کے خلاف جاری حکومتی اقدامات پر سخت تنقید اور مذمت کی ہے۔ صحافیوں کی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق اس وقت ترکی میں 155 صحافی جیلوں میں مقید ہیں۔