ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی لیڈران کے انتخابی مہم میں رویے سے ان کی گھبراہٹ ظاہر ہو رہی ہے: جئے رام رمیش

بی جے پی لیڈران کے انتخابی مہم میں رویے سے ان کی گھبراہٹ ظاہر ہو رہی ہے: جئے رام رمیش

Tue, 12 Nov 2024 17:22:58  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 12/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) مہاراشٹر اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی 14 ریاستوں میں 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 ریاستوں کی 2 لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں، جس کے باعث سیاسی ماحول گرم ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ انتخابی ریلیوں میں مسلسل کانگریس پر تنقید کر رہے ہیں۔ اس پر رد عمل دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی لیڈران کے انتخابی مہم کے دوران رویے سے ان کی گھبراہٹ صاف ظاہر ہوتی ہے۔

جئے رام رمیش نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’جھارکھنڈ میں ہمارے نان بایولوجیکل وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور دیگر بی جے پی لیڈران کی انتخابی تشہیر ظاہر کرتا ہے کہ وہ بوکھلائے اور ڈرے ہوئے ہیں۔ وہ 2024 کے انتخابی نتائج سے باہر نہیں نکل پائے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی، امت شاہ، یوگی آدتیہ ناتھ اور آسام کے وزیر اعلیٰ کا واحد ایجنڈا سماجی پولرائزیشن ہے۔ ان کا مقصد ہے دشمنی پھیلاؤ، فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلاؤ اور فرقہ واریت کا زہر پھیلاؤ۔ ان کے پاس پولرائزیشن کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر میں کانگریس، این سی پی-ایس پی، شیوسینا (یو بی ٹی) پر مشتمل مہاوکاس اگھاڑی نے کسانوں، خواتین، نوجوانوں، سماجی انصاف کے ایشوز کو مدنظر رکھ کر انتخابی تشہیر کی ہے۔ لیکن بی جے پی والے مہاراشٹر میں پولرائزیشن کرتے ہیں۔ جھارکھنڈ میں جائیے، ہم جے ایم ایم اور کانگریس کس بات کے لیے انتخابی تشہیر کر رہے ہیں، پانچ سال میں ہمارا کام، اگلے پانچ سال کے لیے ہمارا روڈ میپ، قبائلیوں، ایس سی، ایس ٹی، او بی سی کے لیے کام، سماج کے ہر طبقہ کے لیے کام، جنگل اور جنگل کے ایشوز۔ یہ ہماری انتخابی تشہیر کا حصہ رہے ہیں۔ لیکن جھارکھنڈ میں بھی بی جے پی کا واحد ایجنڈا پولرائزیشن ہے۔ اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی بوکھلائی اور ڈری ہوئی ہے۔ میں وزیر اعظم کو بتانا چاہوں گا کہ جب آپ مردم شماری کریں گے، تبھی آپ آگے بڑھ پائیں گے۔ سماجی انصاف کی بنیاد کیا ہے؟ مردم شماری۔ وہ مردم شماری سے پوچھے کیوں ہٹ رہے ہیں؟ اگر آپ ذات پر مبنی سروے، ذات پر مبنی مردم شماری نہیں کریں گے تو آپ سماجی انصاف کیسے لائیں گے؟


Share: