بھٹکل 29/جولائی (ایس او نیوز) خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکلی احباب کے ادارے بھٹکل کی رابطہ سوسائٹی اور بھٹکل و اطراف کے مسلمانوں کے نمائندہ سماجی ادارے مجلس اصلاح و تنظیم کے زیر اہتمام 31/جولائی کو عصر کے وقت انجمن گراونڈ میں روڈ سیفٹی اور کلین بھٹکل منصوبے کا آغاز ایک شاندار جلسے میں کیا جائے گا۔
بھٹکل سے دور خلیجی ممالک میں برسرروزگار ہونے کے باوجود بھٹکلی احباب اپنے ملک اور شہر سے بے خبر نہیں رہتے۔ خاص طورپر مقامی مسائل کے حل کے سلسلے میں ان کی بیداری اور تگ و دو لائق ستائش ہے۔ اس سے پہلے بھی رابطہ سوسائٹی کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی، طلباء کو تعلیمی وظائف، تعلیمی ایوارڈ، بلاتفریق مذہب و ملت عوام کی خدمت کے لئے میڈیکل کیمپوں کا انعقاد جیسے قابل ذکر اقدامات کیے گئے ہیں۔ اب شہر میں بڑھتے حادثات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے پیش نظرحادثات پر روک تھام کے لئے ایک روڈ سیفٹی منصوبہ اور شہر میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیرسے پید اہونے والے مسائل سے نجات کے لئے منصوبہ بنا یا گیا ہے جس پر عمل پیرائی کے لئے رابطہ سوسائٹی اور مجلس اصلاح و تنظیم نے مشترکہ خاکہ تیار کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام اسکولوں، کالجوں اور شہر کے دیگر مقامات پر پہنچ کر عوامی بیداری کی مہم چلائی جانے والی ہے۔ کچرے کی نکاسی کے لئے این جی اوقائم کرنے اور شہر کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔محکمہ تعلیم، امدادی، غیر امدادی اور سرکاری اسکولوں کے طلباء اور والدین کے تعاون سے عوام کے اندر ان مسائل پر بیداری مہم چلانا اس منصوبے کا اہم جز ہے۔