بنگلور،20؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کرناٹک میں بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس یڈی یورپا نے بدعنوانی کے معاملے کولے کر بنگلور کے ٹاؤن ہال کے باہر ایک ریلی کی۔انہوں نے وزیر اعلی سدا رامیا کے علاوہ کانگریس کے کچھ لیڈروں اور وزراء پر بدعنوانی کے الزاماتلگائے۔یدی یورپا نے سدارامیا کی کابینہ میں وزیر رمیش جارکیہولی اور ریاستی خاتون کانگریس سیل کی صدر لکشمی ہبالکر کے گھر پر حال میں پڑے انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے کے باوجود ان دونوں کے عہدے پر بنے رہنے پر سوال کھڑا کیا۔ساتھ ہی انہوں نے ایم ایل سی گوند راجو کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ (ای ڈی)نے ایک ایسی ڈائری ضبط کی ہے جس میں ان لوگوں کے لین دین کی پوری تفصیلات ہیں ۔ ایسے میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ اچانک یدی یورپا نے بدعنوانی کو ایشو بنانے کی کوشش کیوں کی؟غورطلب ہے کہ گزشتہ ہفتے کانگریس نے یدی یورپا اور مرکزی وزیر اننت کمار کی ایک ویڈیو کلپ جاری کی تھا جس میں دونوں یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ہم نے بھی اوپر پیسے دیئے، لیکن ایک ہزار کروڑ نہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ اسی سے ناراض ہو کر یدی یورپا نے موجودہ حکومت کی مبینہ بدعنوانی کے خلاف آواز بلند کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔کانگریس یہ کہہ کریدی یورپا کا مذاق اڑاتی رہتی ہے کہ انہیں وزیر اعلی کے عہدے سے زمین اور غیر قانونی کان کنی گھوٹالے کی وجہ سے ہٹادیاگیا تھا،ایسے میں یدی یورپا کو بدعنوانی پر بات کرنا زیب نہیں دیتا۔