سیفئی،19؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یادو خاندان میں آپسی اختلافات کے شباب کے بعد ان کی دوسری بیوی سادھنا یادو نے اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادوسے اپنے تعلقات کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔سادھنا یادو نے کہا کہ اکھلیش یادو اورپرتیک یادو ان کی دو آنکھیں ہیں اورجب کوئی اکھلیش کو سوتیلابولتا ہے تو انہیں برا لگتا ہے۔سیفئی میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں اکھلیش کو سوتیلا بیٹا کہے جانے پر سادھنا گپتا نے کہاکہ جب کوئی ایسا کہتا ہے تو مجھے برا لگتا ہے، کیونکہ ہمارے خاندان میں سوتیلاپن ہے ہی نہیں، اس کی شادی کرائی، اس ایم پی کا الیکشن لڑایا،بچے ہوئے، ہماری بہو ہے،ہمارا بیٹا ہے،خاندان میں کچھ بھی گڑبڑ نہیں ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سادھنا نے کہاکہ اکھلیش اور پرتیک میری دو آنکھیں ہیں اور یہ سچ ہے۔ادے ویر سنگھ کے خط پر سادھنا یادو نے کہاکہ گندہ بولنے والوں کو کیا جواب دیا جائے، غلط بولنے والوں سے تو راکشس بھی ہار گئے،بحث کرنے والوں کو جواب دیا جا سکتا ہے، لیکن غلط بولنے والوں کو کیا جواب دیا جائے؟واضح رہے کہ ادے و یر سنگھ وزیر اعلیٰ اکھلیش کے انتہائی قریبی مانے جاتے ہیں اور انہوں نے خاندان کے جھگڑے کے دوران کہا تھا کہ سادھنا گپتا نے ملائم سنگھ پر کالا جادو کر دیا ہے۔ادے و یر سنگھ نے ملائم کو ایک خط لکھا تھا اور اس میں کہا تھا کہ خاندان کے اندر سے بھی اکھلیش یادو کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔یوپی میں آج تیسرے مرحلے میں جہاں جہاں پولنگ ہو رہی ہے ان میں ملائم سنگھ کا آبائی گاؤں سیفئی بھی ہے،اسی گاؤں میں یادو خاندان نے ایک ساتھ اپنا اپنا ووٹ ڈالا، حالانکہ اکھلیش اور ان کی بیوی ڈمپل یادو ،والد ملائم سنگھ اور ماں سادھنا گپتا کے پہنچنے سے پہلے ہی اپنا ووٹ ڈال چکے تھے۔