واشنگٹن،29جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا اور یورپی ملکوں نے ایران کے بیلسٹک میزائل تجربات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تہران سے میزائل تجربات فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی دوسرے ملکوں نے ایران کے تازہ بیلسٹک میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کے روز مصنوعی سیاروں کو زمین کے مدار میں لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کی۔یوری ملکوں اور امریکا نے ایک مشترکہ بیان میں ایران سے پر زور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بیلسٹک میزائل تجربات کا سلسلہ فوری طور پر روکتے ہوئے جوہری معاہدے سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے۔
مغربی ملکوں کو شبہ ہے کہ مصنوعی سیاروں کو زمین کے مدار میں لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل جوہری وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایران نے بہ ظاہر خلائی مشن کے لیے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے تاہم وہ مبینہ طور پر ان میزائلوں کو جوہری وار ہیڈ لے جانے کے لیے بھی استعمال کرسکتا ہے۔
تاہم ایران نے مغربی ملکوں کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس کا خلائی تحقیقاتی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ اس پر تہران کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔جمعہ کو امریکی وزارت خزانہ نے بھی ایران کے مصنوعی سیاروں کو زمین کے مدار میں لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل تجربے کی مذمت کی تھی۔امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بین البراعظمی سطح پر استعمال ہونے والا یہ میزائل عالمی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔