منیلا،12اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلپائن کی فوج نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کے ابو سیاف گروپ کے انتہائی اہم لیڈر ابْو رومی کو ایک جھڑپ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فوج کے سربراہ جنرل ایڈوارڈو آنو نے ابو رومی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منگل گیارہ اپریل کو جزیرے بوہول کے ایک گاؤں میں ہونے والی لڑائی میں پانچ دیگر عسکریت پسندوں کے ہمراہ مارا گیا اور اْس کی لاش حکام کے قبضے میں ہے۔ فوجی سربراہ نے یہ بھی بتایا کہ ابو رومی اور اس کے ساتھی شب بسری کے لیے ایک گاؤں کے چند مکانات میں چھپے ہوئے تھے کہ مخبری پر سکیورٹی اہلکاروں نے ان مکانات کو گھیرے میں لے لیا۔ شبہ ہے کہ ابو رومی رواں برس فروری میں ایک مغوی جرمن سیاح کی ہلاکت میں بھی ملوث تھا۔