کولکاتا: 17 نومبر ﴿ایس او نیوز﴾مغربی بنگال حکومت نے سی بی آئی کو ریاست میں چھاپہ مارنے یا جانچ کرنے کے لئے دی گئی "عام رضامندی" جمعہ کو واپس لے لی ہے، ریاستی سکریٹریٹ کے ایک سینئرافسرنے یہ اطلاع دی۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال حکومت کے فیصلے سے ٹھیک قبل آندھرا پردیش حکومت نے بھی یہی قدم اٹھایا تھا۔
آندھرا پردیش حکومت کے اعلان کے بعد مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اس موضوع پرآندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کو اپنی حمایت دی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے بالکل صحیح کام کیا۔ بی جے پی اپنے سیاسی مفاد کےلئے سی بی آئی اوردیگر ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے۔
مغربی بنگال میں 1989 میں اس وقت کی لیفٹ حکومت نے سی بی آئی کو عام رضامندی دی تھی۔ افسرنے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ جمعہ کو آرڈیننس کے بعد سی بی آئی کو اب سے عدالت کے حکم کے علاوہ دیگرمعاملوں میں کسی طرح کی جانچ کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی اجازت لینی ہوگی۔ سی بی آئی دہلی اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت کام کرتی ہے۔