نئی دہلی،15مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی اور دھماکہ خیز بلے باز کرس گیل کی جوڑیانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سب سے زیادہ بار نصف سنچری ساز شراکت نبھانے والی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔اس معاملے میں وراٹ کوہلی اور کرس گیل نے سن رائزرس حیدرآباد کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور شکھر دھون کو پیچھے چھوڑا۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان ٹی 20 لیگ میں 20 بار نصف سنچری شراکت ہو چکی ہے، ساتھ ہی کوہلی نے دہلی کے خلاف 58 رنز کی اننگز کھیل کر کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ نصف سنچری لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔غور طلب ہے کہ اتوار کو دہلی اور بنگلور نے لیگ کا اپنا آخری میچ کھیلا، جس میں بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 161 رنز بنائے۔ جواب میں دہلی کی ٹیم 151 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ کوہلی اور گیل کے درمیان دوسرے وکٹ کے لئے 66 رنز کی شراکت ہوئی۔