ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مالیگاؤں ۲۰۰۸ بم دھماکہ معاملہ ؛ پیر کو سپریم کورٹ میں کرنل پروہیت کی عرضداشت پر سماعت متوقع، جمعیۃ علماء مداخلت کرنے تیار

مالیگاؤں ۲۰۰۸ بم دھماکہ معاملہ ؛ پیر کو سپریم کورٹ میں کرنل پروہیت کی عرضداشت پر سماعت متوقع، جمعیۃ علماء مداخلت کرنے تیار

Thu, 15 Nov 2018 18:01:21  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی ۱۵؍ نومبر (پریس ریلیز/ایس او نیوز) مالیگاؤں ۲۰۰۸ ء بم دھماکہ معاملے کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر و دیگر بھگواء ملزمین کی جانب سے سرکاری گواہوں کی تفصیلات طلب کرنے والی عرضداشت کی آج قومی تفتیشی ایجنسی NIAنے شدید مخالفت کی اور عدالت میں دو صفحات پر مشتمل تحریری جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ گواہوں کے ناموں کو قانون کے تحت اور ان کی حفاظت کے مد نظر مخفی رکھا گیا ہے نیز گواہی دینے سے قبل ان کی تفصیلات ملزمین کو بتا دی جائے گی لیکن ابھی جبکہ گواہوں کو گواہی کے لیئے طلب کیا جانا باقی ہے گواہوں کی تفصیلات ملزمین کو نہیں بتا ئی جاسکتی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی تفتیشی ایجنسی کے خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال نے خصوصی این آئی اے جج ونود پڈالکر کو بتایا کہ ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کرنے کے بعد انہیں این آئی اے قانون کی دفعہ 17، یو اے پی اے قانون کی دفعہ 44 اور مکوکا قانون کی دفعہ 19 کے تحت گواہوں کے نام مخفی رکھتے ہوئے ان کے بیانات ملزمین کو دیئے گئے تھے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین کی درخواست کو مسترد کردینا چاہئے کیونکہ گواہوں کے نام ظاہر کرنے سے مقدمہ پر اثر پڑھ سکتا ہے ۔ فریقین کی عرضداشتوں کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے عدالت نے فریقین سے اس معاملے پر بحث کرنے کے لیئے ۱۹؍ نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔

آج دوران کارروائی عدالت میں متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)کے وکلاء ایڈوکیٹ شاہد ندیم ، ایڈوکیٹ ابھیشک ودیگربھی موجود تھے۔ اسی درمیان اطلاع موصول ہوئی کہ کرنل پروہیت کی ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف داخل عرضداشت پر پیر کو سپریم کورٹ میں سماعت متوقع ہے نیز متاثرین کی جانب سے جمعیۃ علماء نے بھی کرنل پروہیت کی عرضداشت کی مخالفت کے لیئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ خصوصی این آئی اے عدالت نے ۷؍ ملزمین کے خلاف یو اے پی اے اور دیگر قوانین کی مختلف دفعات کے تحت چارج فریم کردیا تھا جس کے بعد سے ہی ملزمین نت نئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں کہ ٹرائل شروع نہ ہوسکے۔ جس میں کرنل پروہیت کا سپریم کورٹ سے رجوع ہونا و دیگر شامل ہیں۔


Share: