علی گڑھ21اکتوبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سرسید احمد خاں کے201ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اے ایم یو کے ندیم ترین ہال میں پرووسٹ پروفیسر ملک شعیب احمد اور ہال کے وارڈنس کی قیادت میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کرکے بانئ درس گاہ کو پُر جوش خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر علی گڑھ کے کمشنر مسٹر اجے دیپ سنگھ آئی اے ایس نے مہمانَ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصوراور اے ایم یو پروکٹر پروفیسرایم محسن خاں نے بطور خاص پروگرام کو وقار بخشا۔ پروفیسر رضاء اللہ خاں اور پروفیسر ایم سفیان بیگ پروگرام کے اعزازی مہمانان تھے۔مہمانِ خصوصی علی گڑھ کے کمشنر مسٹر اجے دیپ سنگھ آئی اے ایس نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ہال کے طلبہ کے ڈسپلن اور ان کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرسید کو سچا خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ طلبہ اپنی عملی زندگی میں ان کے مشن کو فروغ دینے کے لئے خود کو وقف کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرسید نے اپنی ساری زندگی حب الوطنی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور جدید تعلیم کے فروغ کے لئے کام کیا اور ان کا مشن جدید تعلیم کے حصول سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اے ایم یو کے طلبہ یونیورسٹی کی روشن روایات کی پاسداری کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور حب الوطنی کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں جو سرسید کی تعلیمات کا اہم ترین حصہ ہے۔پروفیسر طارق منصور نے مہمانِ خصوصی علی گڑھ کے کمشنر مسٹر اجے دیپ سنگھ آئی اے ایس کی خدمات سے طلبہ کو روشناس کرایا۔اس سے قبل ہال کے پرووسٹ پروفیسر ملک شعیب احمد نے مہمانِ خصوصی کمشنر مسٹر اجے دیپ سنگھ، وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور دیگر مہمانان و حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے سرسید کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی۔