ہوناور 22 / جنوری (ایس او نیوز) دوسرے اضلاع کو پانی سپلائی کے مقصد سے مجوزہ شراوتی پمپڈ اسٹوریج منصوبے کو عمل میں لانے کے خلاف پدیاترا کے ذریعے احتجاجی مظاہرا کیا گیا ۔ گیروسوپّا کے سیتا رام مندر احاطے سے بدھ کے دن شروع ہونے والی پدیاترا ہاڈیبیل تک رک گئی تھی جس کے بعد دوبارہ پدیاترا شروع ہوئی اور ہوناور تحصیلدار کے دفتر تک پہنچ گئی ۔
خیال رہے کہ اس احتجاجی مظاہرے کے لئے تحصیلدار نے پہلے اجازت دی تھی مگر بعد میں پولیس کی طرف سے ٹریفک جام ہونے کے امکانات کی رپورٹ کے پیش نظر تحصیلدار نے اجازت منسوخ کر دی تھی ۔ لیکن احتجاجی کمیٹی نے اجازت نامے کی منسوخی کو سیاسی مداخلت کا نتیجہ کہتے ہوئے ہر حال میں پدیاترا کے ذریعے احتجاجی مظاہرا منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق عمل کیا گیا ۔
پدیاترا کا آغاز کرتے ہوئے دھرم ادھیکاری ماروتی گرو جی نے کہا کہ ماحول اور عوام کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھنے والی شراوتی ندی پر ترقی کے نام پر ہونے والے حملے کو روکنے کا عہد کرتے ہوئے پدیاترا شروع کی گئی ہے ۔ یہ پدیاترا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن طریقے پر منعقد ہوگی ۔
اس موقع پر احتجاجی کمیٹی کے صدر ماستپّا نائک نے کہا کہ آج ایسا ماحول بنایا گیا ہے کہ احتجاج کے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا ۔ اس طرح کے منظم احتجاجی مظاہرے کے لئے عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے ۔ کسان لیڈر یو اے پاٹل نے الزام لگایا کہ کمیشن کے لالچ میں شراوتی منصوبے پر عمل پیرائی کی تیاری کی گئی ہے ۔ پدیاترا مظاہرے میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔