ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو کے قریب کُمُبلے اریکاڈی ٹول گیٹ کے خلاف احتجاج؛ منجیشور کے رکن اسمبلی اے کے ایم اشرف سمیت 15 سے زائد افراد گرفتار

مینگلورو کے قریب کُمُبلے اریکاڈی ٹول گیٹ کے خلاف احتجاج؛ منجیشور کے رکن اسمبلی اے کے ایم اشرف سمیت 15 سے زائد افراد گرفتار

Thu, 15 Jan 2026 18:34:09    S O News
مینگلورو کے قریب کُمُبلے اریکاڈی ٹول گیٹ کے خلاف احتجاج؛ منجیشور کے رکن اسمبلی اے کے ایم اشرف سمیت 15 سے زائد افراد گرفتار

مینگلورو 15/ جنوری (ایس او نیوز) :پڑوسی ریاست کیرالہ میں ، کرناٹک سرحد پر واقع نیشنل ہائی وے 66 کے کُمبلے اریکاڈی ٹول پلازا پر ٹول وصولی کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس نے جمعرات کو منجیشور کے رکن اسمبلی اےکے ایم اشرف سمیت 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ یہ ٹول پلازا کرناٹک سرحد کے قریب کیرالہ کے ضلع کاسرگوڈ میں واقع ہے۔

کمبلے اریکاڈی ٹول پلازا مقامی سطح پر تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے، کیونکہ یہ کرناٹک کے تھلپاڈی ٹول پلازا سے محض 22 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم کیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی ہے، جن کے مطابق ایک ہی شاہراہ پر دو ٹول پلازا کے درمیان کم از کم 60 کلومیٹر کا فاصلہ ہونا لازمی ہے۔

پولیس کے مطابق، مظاہرین کی جانب سے ٹول گیٹ کے قریب غیر معینہ مدت کے احتجاج کو جاری رکھنے کی کوشش کے بعد کُمبلے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ اس دوران مظاہرین کی جانب سے لگایا گیا عارضی ترپال کا شیڈ بھی پولیس نے ہٹا دیا۔

پولیس کارروائی بدھ کی دیر رات پیش آئے اس واقعے کے بعد کی گئی، جس میں مظاہرین پر ٹول پلازا میں توڑ پھوڑ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران سی سی ٹی وی کیمرے، بیریکیڈس اور ٹول گیٹ کے شیشے کے پینل کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس معاملے میں 500 سے زائد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز مظاہرین نے کُمبلے قصبے سے ٹول گیٹ تک جلوس نکالا اور ٹول وصولی فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج جمعرات کی صبح تک جاری رہا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس سے قبل پڑوسی ریاست کیرالہ کے ضلع کاسرگوڈ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے اشرف سے غیر معینہ احتجاج واپس لینے کی اپیل کی تھی اور قانون و نظم کی صورتحال کا حوالہ دیا تھا، تاہم ایم ایل اے کے انکار کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنیل کمار کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں دیگر مظاہرین کے ساتھ حراست میں لے لیا۔

حراست میں لیے گئے افراد میں سی پی ایم کمبلے زونل سکریٹری سی اے زبیر، کمبلے گرام پنچایت کے صدر وی پی عبدالقادر حاجی، بلاک پنچایت اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر اشرف کارلے، اے کے عارف اور کانگریس لیڈر لکشمن پربھو شامل ہیں۔


Share: