ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وقف ترمیمی بل کے خلاف آج جمعة الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کراحتجاج کرنے پرسنل لاء بورڈ کی اپیل

وقف ترمیمی بل کے خلاف آج جمعة الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کراحتجاج کرنے پرسنل لاء بورڈ کی اپیل

Fri, 28 Mar 2025 01:22:19    S O News
وقف ترمیمی بل کے خلاف آج جمعة الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کراحتجاج کرنے پرسنل لاء بورڈ کی اپیل

بھٹکل 28/مارچ (ایس او نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے کُل ہند سطح پر تمام مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں آج جمعة الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کراپنا احتجاج درج کرائیں۔

 جمعرات دیر شام کو موصولہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی پریس ریلیز میں صدرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ  وقف ترمیمی بل 2025ایک گھناونی سازش ہے، جس کا واضح مقصد مسلمانوں کو ان کی مساجد، عید گاہوں ، مدارس، درگاہوں، خانقاہوں، قبرستان اور ان کے خیراتی اداروں سے انہیں محروم کرنا ہے۔ اگر یہ بل منظور ہوگیا تو ہمارے ہاتھ سے سینکڑوں مساجد، عید گاہیں، مدارس، قبرستان اور متعدد خیراتی ادارے نکل جائیں گے۔  لہٰذا ملک کے ہر مسلمان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر اپنا بھرپور احتجاج درج کرائے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ملک کے ہر مسلمان سے اپیل کرتا ہے کہ وہ جمعۃ الوداع کے موقع پر اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کر مسجد آئے اور اپنے غم و غصہ کا پرامن و خاموش مظاہرہ کرے۔

بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانامحمد فضل الرحیم مجددی نے ایک وڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں جمعة الوداع کے موقع پرتمام مسلمان جب جمعہ کی نماز کے لئے  جائیں تو اپنے دائیں ہاتھ میں کالی پٹی لگا کر خاموشی کے ساتھ احتجاج کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد میں جائیں اور اپنے ہاتھ پر لگی کالی پٹی کی وڈیو بناکر سوشیل میڈیا پر وائرل کریں اورآل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سوشیل میڈیا پر بھی روانہ کرنے کی کوشش کریں۔

بھٹکل میں احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بھی تمام مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس احتجاج کو کامیاب بنائیں اور اس پیغام کو تمام مسلمانوں تک پہنچانے ہرممکن کوشش کی جائے۔

بالخصوص تنظیم کی جانب سے تمام مساجد کے ذمہ داران سے اپیل کی گئی ہے کہ جمعہ کو فجر کی نماز کے بعد اس احتجاجی اعلان کو اپنی اپنی مساجد میں پڑھ کرسنائیں اورتمام مسلمانوں کو جمعہ کی نماز میں اپنے دائیں ہاتھ پر کالی پٹی باندھ کر جانے کی ہدایت دیں۔


Share: