ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایس ایس کے صد سالہ جشن کے موقع پر بھٹکل میں پُرامن جلوس

آر ایس ایس کے صد سالہ جشن کے موقع پر بھٹکل میں پُرامن جلوس

Mon, 13 Oct 2025 00:40:05    S O News
آر ایس ایس کے صد سالہ جشن کے موقع پر بھٹکل میں پُرامن جلوس

بھٹکل 12/اکتوبر(ایس او نیوز): راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے قیام کے سو برس مکمل ہونے پر بھٹکل میں اتوار کے روز شاندار ریلی اور پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں سنگھ کے رضاکاروں نے منظم اور پُرعزم انداز میں قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام عام کیا۔

اس موقع پر سنگھ کے پرانت پرچارک 'نریندر جی' نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آر ایس ایس دنیا کی سب سے منظم اور شستہ تنظیم ہے، جس نے اپنی نظریاتی وابستگی اور خدمتِ خلق کے جذبے سے ایک صدی کا سفر طے کیا ہے۔" انہوں نے یاد دلایا کہ “بیسویں صدی کے اوائل میں، انگریزوں نے ہندوستانی سماج کو ذات پات میں تقسیم کیا تھا اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی تھی کہ ہندو سماج متحد نہ ہونے پائے۔ مگر ایسے مشکل حالات میں، ڈاکٹر ہیڈگیوار نے 1925 میں وجے دشمی کے دن ناگپور میں آر ایس ایس کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے۔”

’پنچ پریورتن‘ کا منصوبہ:

آر ایس ایس نے اپنے صد سالہ جشن کے موقع پر پانچ اہم قومی پروگراموں پر مبنی ایک مہم شروع کی ہے جسے “پنچ پریورتن” کا نام دیا گیا ہے۔ ان میں سماجی ہم آہنگی، خاندانی اقدار، ماحولیاتی بیداری، خود انحصاری اور شہری ذمہ داری جیسے موضوعات شامل ہیں۔مسٹر نریندر نے کہا کہ “دنیا میں آر ایس ایس جیسی شستگی اور خدمت کے جذبے والی دوسری کوئی تنظیم نہیں۔”

شاندار جلوس

بھٹکل شہر میں یہ جلوس دو مختلف مقامات سے شروع کیا گیا۔ بینڈ باجے کے ساتھ اور پریڈ کرتے ہوئے ایک دستہ چنّ پٹن ہنومان مندر سے روانہ ہوا جو پھول بازار، مین روڈ، ماری کٹہ روڈ، جنتا بینک، کاشی مٹھ پھر اولڈ بس اسٹینڈ سے ہوتا ہوا شمس الدین سرکل پہنچا۔ دوسرا دستہ ساگر روڈ پر واقع سری گرو سدھیندر کالج میدان سے نکل کر شمس الدین سرکل، نیشنل ہائی وے، اولڈ بس اسٹینڈ ، اسارکیری، وی ٹی روڈ، سونارکیری، بندر روڈ  سے گزرتے ہوئے واپس شمس الدین سرکل پہنچا، جہاں سے دونوں دستے   گروسدھیندرا کالج گراونڈ پر جمع ہوئے۔

تقریب میں مہمانِ خصوصی ایشور نائک نے آر ایس ایس کی تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالی، جب کہ ہونّاور کے رام چندر کامت نے سنگھ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔  اس موقع پر بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش کی قیادت میں پولس کا مناسب بندوبست کیا گیا تھا اور اہم ناکوں پر پولس کے دستے تعینات تھے۔


Share: