بھٹکل، یکم دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن اور ایس-آرٹس کے اشتراک سے اتوار کو ساگر روڈ پر واقع ٹری پارک میں ٹریفک اور روڈ سیفٹی کے موضوع پر پینٹنگ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے دو سو سے زائد طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر عوام کی خاصی تعداد بھی پارک پہنچی اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا۔
تقریب کا افتتاح مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس محکمہ عوامی سلامتی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور ہیلمٹ کے استعمال سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے، ایسے میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں سے اس عمل کا آغاز کریں، بچوں کو بغیر ہیلمٹ گھر سے نکلنے نہ دیں اور خود بھی بغیر ہیلمٹ دو وہیلر پر سوار نہ ہوں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تنظیم عنقریب سرکاری مقررہ فیس کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کیمپ منعقد کرے گی، جس کے لئے آر ٹی او سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے پینٹنگ مقابلے میں ہندو و مسلم دونوں طبقات کی شرکت، خصوصاً بچوں اور والدین کی بڑی تعداد پر مسرت کا اظہار کیا۔
بھٹکل ٹاؤن پولیس انسپکٹر دیواکر نے کہا کہ ٹریفک قوانین اور سڑک حفاظت کے تعلق سے عوامی شعور بیدار کرنا محکمہ پولیس کی ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لئے مختلف پروگرام جاری ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے ہفتوں میں سائبر کرائم سے متعلق بھی ایک بڑے پیمانے پر عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی۔
اختتامی تقریب سے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے رکن ایڈوکیٹ عمران لنکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی میں ہر شہری کی ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتی ہے، خصوصاً ہیلمٹ کا استعمال کسی رعایت کے بغیر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ مقابلے میں جیت سے زیادہ اہم بات فعال شرکت ہے۔
تقریب میں پولیس سب انسپکٹر تمپا، ایس-آرٹس کے سالم اور سُلیم سمیت فنکار درشن مہابلیشور نائک و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
چار زمروں میں منعقدہ مقابلے کے نتائج اس طرح رہے:
۱) اول جماعت تا چوتھی جماعت– لڑکوں میں یاسین جوباپو (اول)، پرنیت ایم (دوم) اور ویدانت ڈی (سوم)۔ لڑکیوں میں دھنوی لکشمییش نائک (اوّل)، دیشیتا ایم نائک (دوم) اور سِیا (سوم)
۲) پانچویں جماعت سے ہشتم جماعت : لڑکوں میں چرن ایم نائک (اوّل)، میانک ایم موگیر (دوم) اورانوج ہوسکٹّا (سوم)۔ لڑکیوں میں فطینہ (اوّل)، زہرہ ابو ہُرین (دوم) اور اِسریٰ (سوم)
۳) آٹھویں جماعت تا دسویں جماعت : لڑکوں میں ہرشد ایم گونڈا (اوّل)، سُشانت پی شیٹ (دوم) اور نیتیش آر دیواڈیگا (سوم)۔ لڑکیوں میں فاطمہ مُسکان (اوّل)، اَمارا۔ شارا محمد صادق (دوم) اور عائشہ تمنّا (سوم)
۴) کالج اورعام عوام کے زمرہ میں جن میں صرف مرد حضرات شریک ہوئے تھے، ہیمنت پرکاش مڈیوال (اوّل)، ناگراج شِرالی (دوم) اورکرتیک ایم گونڈا (سوم)