کاروار 14/نومبر (ایس او نیوز):بائیک اور اسکوٹی کے درمیان پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک 15 سالہ لڑکا موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے. حادثہ جمعرات کی شام کاروار کے آر ٹی او دفتر کے قریب پیش آیا۔
متوفی کی شناخت چیرنجیو برہمانند کنجی (ساکن یلاپور تعلقہ، ایڈاگنجی) کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اپنی والدہ کے ساتھ کاروار کے ماجالی میں ایک کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ جمعرات کی شام کاروار کی جانب آرہا تھا۔
پولیس کے مطابق میڈیکل کالج کے طلبہ کی بلٹ بائیک نے آر ٹی او دفتر کے پاس پیچھے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں چیرنجیو نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
حادثہ دیکھ کر مقامی لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی اور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں اور متوفی کو ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق چیرنجیو کی والدہ اور بائیک سوار میڈیکل طلبہ شدید زخمی ہیں، جنہیں مزید علاج کے لیے گوا کے ایک نجی اسپتال متقل کیا گیا ہے۔
حادثہ کے فوراً بعد ضلع کے ایس پی مسٹر دیپن ایم این، دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور موقع کا معائنہ کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی۔
اس سلسلے میں کاروار ٹریفک پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
