نئی دہلی/بنگلورو، 28 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) نوئیڈا کے ایک نوجوان کی جانب سے ریڈٹ پر بنگلور کے خلاف ایک متنازع پوسٹ شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ مذکورہ شخص نے ’r/Noida‘ سب ریڈٹ پر "For those who think Bangalore is better than Noida" کے عنوان سے ایک طویل پوسٹ شیئر کی، جس میں اس نے بنگلور کی زندگی کو "جعلی اور کھوکھلا" قرار دیا۔
اس شخص نے لکھا کہ وہ 26 سال نوئیڈا میں رہا اور حال ہی میں نوکری کے سلسلے میں بنگلور ومنتقل ہوا ہے، مگر وہاں کی طرزِ زندگی سے سخت نالاں ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ بہتر تنخواہ کے علاوہ کوئی چیز اُسے نوئیڈا واپس جانے سے نہیں روک رہی۔
پوسٹ میں بنگلور کی سماجی فضا پر طنز کرتے ہوئے اس نے کہا کہ یہاں لوگ مہنگے کپڑے، چمچماتی گاڑیاں اور خوبصورت کتے صرف دکھاوے کے لیے رکھتے ہیں، اور مہنگے ریسٹورنٹس میں جانا بھی محض اسٹائل دکھانے کا ذریعہ ہے۔ اس نے شہر کی مہنگائی، کیفے اور ریسٹورنٹس میں پیشگی بُکنگ کی مجبوری، اور کھانے کے ناقص ذائقے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس شخص نے بنگلور وکے بدنام ٹریفک، آٹو کے کرایے، اور ناقص پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ یہاں آٹو سے زیادہ کیب سستی پڑتی ہے۔ ساتھ ہی اس نے کہا کہ شہر کا ٹریفک جتنا سنا تھا، حقیقت اس سے کہیں زیادہ خراب ہے۔
اگرچہ بنگلور وکے خوشگوار موسم کو اس نے واحد مثبت پہلو قرار دیا، لیکن کہا کہ باقی سب خامیاں اس خوبی پر بھاری پڑ جاتی ہیں۔ اس متنازع پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد ریڈٹ پر صارفین کی دو رائے سامنے آئیں: کچھ نے اس شخص کی بات سے اتفاق کیا، جبکہ کئی صارفین نے اس کے تبصروں کو "ذاتی تعصب" اور "محدود تجربہ" کا نتیجہ قرار دے کر سخت تنقید کی۔
بنگلور وکو "جعلی اور کھوکھلا" قرار دینے والی اس وائرل پوسٹ نے ریڈٹ پر شدید ردعمل کو جنم دیا، جہاں مختلف صارفین نے اپنے اپنے شہروں کا موازنہ کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔
ایک صارف نے طنزاً لکھا: "دن 582، خدا کا شکر ہے کہ مجھے بنگلور میں جگہ نہیں ملی۔" ایک اور صارف نے متوازن تبصرہ کرتے ہوئے کہا: "کسی نے یہ نہیں کہا کہ بنگلورو نوئیڈا سے بہتر ہے۔ نوئیڈا میں بہتر انفراسٹرکچر اور رہائش ہے، جبکہ بنگلور میں تنخواہ اور مواقع زیادہ ہیں۔"
ایک صارف نے نوئیڈا کے حق میں لکھا: "اگر آپ کو روایتی اقدار، اخلاقی نگرانی، اور جمہوری حقوق کی کمزوری سے مسئلہ نہیں، تو نوئیڈا ہر لحاظ سے بہتر ہے — سوائے موسم اور ہوا کے معیار کے۔ یہاں سڑکیں بہتر، ٹریفک کم، بجلی کی کٹوتیاں کم اور مجموعی اخراجات کم ہیں۔"
دوسری جانب کئی صارفین نے بنگلور کا دفاع کرتے ہوئے نوئیڈا پر تنقید کی۔ ایک نے کہا: "نوئیڈا کی سڑکیں غیر محفوظ ہیں، ٹریفک کنٹرول کا فقدان ہے، بجلی اکثر جاتی ہے، پانی کا معیار خراب ہے۔ اور ہاں، چیزیں سستی ہو سکتی ہیں، لیکن یہاں کی زندگی کا معیار بنگلور جیسا نہیں۔"
یہ بحث بتاتی ہے کہ دونوں شہروں کے اپنے اپنے چیلنجز اور خوبیان ہیں، اور افراد کے تجربات ان کی ترجیحات، پس منظر اور توقعات پر مبنی ہوتے ہیں۔