ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : سروے کرنے والوں کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں - خود ہی آن لائن فراہم کر سکتے ہیں تفصیلات

کاروار : سروے کرنے والوں کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں - خود ہی آن لائن فراہم کر سکتے ہیں تفصیلات

Mon, 29 Sep 2025 17:34:06    S O News

کاروار ،  29 / ستمبر (ایس او نیوز) کرناٹکا بیک ورڈ کلاسس کمیشن کی جانب سے کیے جا رہے سماجی، معاشی اور تعلیمی سروے کا کام پورے ضلع اُترکنڑا میں چل رہا ہے اور سروے کی ذمہ داری نبھانے والے اہلکار گھر گھر جا کر تفصیلات حاصل کر رہے ہیں ۔ لیکن اس کام میں پیش آ رہی دقتوں اور تاخیر کو دیکھتے ہوئے اب عوام کو خود ہی اپنی اور گھر والوں کی مکمل تفصیلات  سیلف ڈکلیریشن کے ذریعے آن لائن جمع کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پوری ریاست میں سروے کی کارروائی 7 اکتوبر تک چلے گی مگر بعض رکاوٹوں کی وجہ سے  جس رفتار سے یہ کام ہونا چاہیے تھا ویسے نہیں ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سے عوام کوسروے کرنے والوں کا انتظار کیے بغیر /https://kscbcselfdeclaration.karnataka.gov.in  پر خود ہی اپنی تفصیلات فراہم کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے تاکہ مقررہ وقت پر سروے کا کام پورا ہو سکے۔

اس لنک پر کلک کرنے پر جو پہلا صفحہ کھلتا ہے اس پر سٹیزن لکھنے پر آگے بڑھنے کے لئے کہا جاتا ہے پھر موبائل نمبر داخل کرنے پر او ٹی پی موصول ہوتی ہے جسے داخل کرنا ہوتا ہے ۔

اس کے بعد جو صفحہ ظاہر ہوتا ہے اس پر سروے کی موجودہ پوزیشن دکھائی دیتی ہے یعنی آپ کے گھر کا سروے مکمل ہوا ہے یا ابھی باقی ہے ۔ وہاں پر گھر کے جس رکن کا نام داخل نہیں ہوا ہے اس کا فارم بھرنے کی ہدایت سامنے آتی ہے ۔ تب نیا سروے شروع کرنے کا بٹن دبانا چاہیے ۔

اگلے صفحے پر آپ کے گھر میں ہیسکام کی طرف سے لگائے گئے اسٹیکر پر موجود یو ایچ آئی ڈی نمبر داخل کرکے اسکرین پر جو تفصیلات پوچھی جاتی ہیں ان کے جوابات اور گھر میں موجود افراد کے راشن کارڈ، آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی جیسے ضروری دستاویزات کے نمبر درج کرنا ہوتا ہے ۔ سروے کی کارروائی مکمل ہونے کی صورت میں موبائل پر میسیج موصول ہوتا ہے ۔

خاص بات یہ ہے کہ عوام کی طرف سے خود ہی آن لائن تفصیلات فراہم کرنے کے لئے ان کا اپنے گھر پر ہی موجود رہنا ضروری نہیں ہے بلکہ یہ کام کسی بھی جگہ سے کیا جا سکتا ہے ۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ خود ہی سروے کے لئے ضروری معلومات درج کرنے کی وجہ سے کسی قسم کی چوک یا غلط معلومات درج ہونے کا امکان بھی نہیں رہتا ہے۔ 


Share: