انکولہ ،19/فروری (ایس او نیوز) دو نجی بسوں اور ایک لاری کے درمیان پیش آئے سلسلہ وار حادثے میں 24 افراد زخمی ہوگئے جن میں آٹھ کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیاہے۔
حادثہ جمعرات صبح ضلع اُترکنڑا کے انکولہ تعلقہ کے سُونکاسال قومی شاہراہ 52 پر پیش آیا۔ ٹکر کے باعث گاڑیوں کے اگلے حصے مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہمپی سے گوا جا رہی پرائیویٹ بس ہبلی سے منگلورو کی سمت رواں دوسری پرائیویٹ بس سے ٹکراگئی اس دوران انکولہ سے یلاپور جا رہی ایک لاری بھی حادثے کی زد میں آگئی۔ ہمپی سے گوا جا رہی بس پر تقریباً 12 غیر ملکی سیاح بھی سوار تھے۔

ٹکر لگتے ہی بسوں کے اندر چیخ و پکار اور مدد کی آوازیں بلند ہوئیں جس کے بعدمقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے کھڑکیاں توڑ کر مسافروں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو پانی پلا کر حوصلہ دیا۔
شدید زخمیوں کو کاروار کے کرمز (کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج انکولہ سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔
حادثے کے نتیجے میں قومی شاہراہ 52 پر کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام ہو گیا۔ جبکہ اربیل گھاٹ والی سڑک پر تقریباً پانچ گھنٹے تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی انکولہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو و کلیئرنس کارروائی کے بعد ٹریفک کو بحال کیا۔ اس سلسلے میں انکولہ پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔