ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: قلبِ شہر میں ایک اور جمعہ مسجد کا اضافہ؛ مخدوم کالونی پہاڑی کی مسجد شریف کو جمعہ مسجد کا درجہ

بھٹکل: قلبِ شہر میں ایک اور جمعہ مسجد کا اضافہ؛ مخدوم کالونی پہاڑی کی مسجد شریف کو جمعہ مسجد کا درجہ

Sat, 22 Nov 2025 23:55:18    S O News
بھٹکل: قلبِ شہر میں ایک اور جمعہ مسجد کا اضافہ؛ مخدوم کالونی پہاڑی کی مسجد شریف کو جمعہ مسجد کا درجہ

بھٹکل 22/نومبر(ایس او نیوز) بھٹکل کے قلب میں واقع مخدوم کالونی پہاڑی پر 1981 سے آباد مسجد شریف کو اب باضابطہ طور پر جمعہ مسجد میں تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے بعد شہرمیں جمعہ مساجد کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔

21 نومبرکو پہلی جمعہ نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہی مسجد شریف کو ترقی دے کر جمعہ مسجد کا درجہ دیا گیا۔ پہلی جمعہ نماز مولانا شکیب شابندری ندوی نے پڑھائی۔ بہترین قرأت کے ساتھ دوگانہ پڑھانے کے بعد جمعہ کا خطبہ پیش کرتے ہوئے مولانا نے مسلمانوں کو مسجد سے اپنے مضبوط تعلق کو برقرار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ مسجد کو آباد رکھنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

masjid-shareef-4

پہلی جمعہ نماز کے موقع پرمسجد کے نچلے حصے اور بالائی منزل دونوں نمازیوں سے مکمل بھرے ہوئے تھے، جبکہ کئی لوگوں کو مسجد کے  صحن میں لگے پنڈال میں نماز ادا کرنی پڑی۔

مسجد شریف میں جمعہ نمازکی شروعات کے ساتھ ہی امید کی جارہی ہے کہ مخدوم کالونی پہاڑی میں آباد سینکڑوں مسلمان اب اس مسجد سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ اس تعلق سے بات کرتے ہوئے مسجد شریف کے سرپرست مولوی اشفاق سدی باپا نے بتایا کہ 1981 میں جب مسجد تعمیر ہوئی اور انہوں نے یہاں پہلی بار امامت کی تو نمازیوں کی تعداد محض ڈیڑھ صف ہوا کرتی تھی۔مگر کچھ ہی برسوں میں نمازیوں کی تعداد میں اتنا اضافہ ہوا کہ مسجد میں جگہ کم پڑنے لگی۔ کئی مواقع پر ایسا بھی ہوا کہ مسجد نمازیوں سے بھرجاتی تھی اور لوگوں کو باہر کھڑے ہوکر جماعت مکمل ہونے کا انتظار کرنا پڑتا تھا، اور جماعت ختم ہونے کے بعد ہی انہیں اندر جگہ ملتی تھی۔ بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر 1998 میں مسجد کی توسیع اور تزئین و آرائش کی گئی۔ آج اس مسجد میں کم و بیش 1200 نمازیوں کے لیے جگہ موجود ہے، جہاں گراؤنڈ فلور کے ساتھ فرسٹ فلور پر بھی وسیع انتظام ہے۔

masjid-shareef-2

مولوی اشفاق نے مزید بتایا کہ چونکہ مخدوم کالونی پہاڑی پر مسلمان کثیر تعداد میں آباد ہیں اور جمعہ کے روز بزرگ حضرات کے لیے پہاڑی سے نیچے اتر کر دور کی مساجد تک پہنچنا مشکل ہورہا تھا، اس لیے مسجد شریف میں جمعہ نماز کی سہولت فراہم کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جمعہ نماز کے آغاز کے ساتھ ہی اب یہ مسجد بھی نمازیوں کے لیے کم پڑنے لگی ہے، اور مزید توسیع کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھٹکل کے عوام اور ذمہ داران آئندہ بھی مسجد کی توسیع اور ترقی میں بھرپور تعاون کریں گے۔

اس موقع پر مسجد شریف کی تعلیمی کمیٹی کے کنوینر مولانا ہارون کنڈلوری ندوی نے بتایا کہ پہاڑی پر مسلمانوں کی بڑی آبادی موجود ہے اور اللہ کے فضل سے یہاں نمازیوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس علاقے میں مجموعی طور پر چار مساجد—مسجد سیدنا حسین، مسجد سعد بن خالد، مسجد خدیجۃ الکبریٰ اور مسجد شریف ہیں،  اور تمام مساجدمیں مصلیان کی اچھی خاصی تعداد ہوتی ہے ، جبکہ علاقہ میں سماجی کاموں کے لئے الہلال اسوسی ایشن بھی نہایت فعال ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمازیوں کی بڑھتی تعداد اور بزرگوں کی دشواریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام مساجد کے ذمہ داران اور الہلال اسوسی ایشن نے باہمی مشاورت اور قاضی صاحبان سے رہنمائی حاصل کرنے کے بعد مسجد شریف کو جمعہ مسجد بنانے کا فیصلہ کیا۔ مولانا ہارون نے مسجد میں جمعہ نماز کی شروعات کے لیے تعاون دینے والے تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اللہ کے اس  گھر کے لیے تمام لوگوں کاتعاون جاری رہے گا۔

masjid-shareef-3

مسجد کمیٹی کے ایک ذمہ دار مُعزّز کولا نے بتایا کہ مسجد کے زیر انتظام  شبینہ مکتب میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کلاسوں کا انتظام ہے۔ لڑکوں کی تعلیم کے لیے تین اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے چارمعلمات مقرر ہیں۔ بڑی عمر کی لڑکیوں کو قرآن پڑھانے کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اس شبینہ مکتب سے متعدد لڑکے اور لڑکیاں حفظِ قرآن مکمل کرچکے ہیں۔

اس موقع پر مسجد کمیٹی کے صدر مولوی سید اسماعیل فیضان ندوی، جنرل سکریٹری مولوی فضل کُمشے ندوی، اور سرکردہ اراکین عبدالرحیم کے، امیر فقی بھاو، محمد عمران کنڈلور، رفیق کے، امیر باشہ نورالدین، آصف شیخ، سہیل کنڈلور، جوّاد پوتے، طحہٰ ایس ایم، مولوی عمران کنڈلورندوی، طاہر مستان  اور دیگر افراد موجود تھے۔

Click here for small video presentation


Share: