بھٹکل، 21 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں ہونڈا کے نئے 3S شو روم کا ’کے ایل ہونڈا‘ کے نام سے باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جس کے ذریعے صارفین کو جدید اور عالمی معیار کا آٹو موبائل تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ اس شو روم میں جاپانی جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ہونڈا کی تازہ ترین موٹر سائیکلز اور اسکوٹرز دستیاب ہیں۔ اس موقع پر ہونڈا کمپنی کے نمائندوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایکٹیوا اسکوٹرز اور جاپانی ہائی کوالٹی بائیکس خرید کر بھٹکل کے عوام بار بار گیراج کے چکر کاٹنے سے بچ سکتے ہیں۔
نئے شو روم کا افتتاح جمعرات بعد نمازِ عصر معروف عالمِ دین مولانا ایوب برماور ندوی کے ہاتھوں انجام پایا۔ اس موقع پر کمپنی کے عہدیداران، معزز مہمانان اور بڑی تعداد میں صارفین موجود تھے۔ جبکہ جمعرات بعد نمازِ فجر بھٹکل جامع مسجد کے خطیب اور معروف عالمِ دین مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اسلامی طور طریقوں سے دعائیہ کلمات کے ساتھ شو روم کا افتتاح کیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ایل ہونڈا کے پارٹنر سمیر کوکاری نے بتایا کہ اس شو روم کو جدید طرزِ تعمیر، عالمی معیار کی سہولتوں اور صارف دوست لے آؤٹ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، تاکہ گاہکوں کو بہتر خریداری اور سروس کا معیاری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شو روم میں جدید ڈسپلے سسٹم، کشادہ کسٹمر لاؤنج اور مکمل سہولتوں سے لیس سروس ایریا موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہونڈا کی گاڑیاں دنیا بھر میں اپنے اعلیٰ معیار، قابلِ اعتماد کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ جاپانی انجینئرنگ پر مبنی ہونڈا کی موٹر سائیکلز اور اسکوٹرز مضبوط، کم خرچ اور بہترین مائیلیج کی حامل ہوتی ہیں، جو موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں کے پیش نظر صارفین کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہونڈا کے انجن ریفائنڈ، سائلنٹ اور کم مینٹیننس کے حامل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ گاڑیاں روزمرہ اور طویل مدتی استعمال دونوں کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہیں۔
شو روم میں ہونڈا کی مختلف مقبول بائیکس اور اسکوٹرز دستیاب ہیں، جن میں جدید فیچرز جیسے کمبائنڈ بریکنگ سسٹم (CBS)، ABS، ڈیجیٹل یا سیمی ڈیجیٹل میٹر، LED لائٹس اور آرام دہ سیٹ ڈیزائن شامل ہیں۔ ہونڈا کے اسکوٹرز اپنی ہموار رائیڈ، آسان ہینڈلنگ اور ہر عمر کے صارفین کے لیے موزوں ہونے کی وجہ سے خاصی مقبول ہیں۔

صارفین کے لیے دوستانہ سہولتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہونڈا ایکٹیوا اسکوٹرز خواتین اور بزرگ حضرات کے لیے خاص طور پر موزوں ہیں، کیونکہ یہ وزن میں ہلکے ہونے کے باوجود مضبوط ساخت کے حامل ہیں، جبکہ ہونڈا کی جدید اور اسٹائلش بائیکس نوجوان طبقے کو اپنی بہتر کارکردگی اور جدید ڈیزائن کی وجہ سے اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ہونڈا کمپنی کے زونل مینجر برائے سیلز پروین کمار شرما بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے، جبکہ ان کے ہمراہ زونل مینجر برائے سروس سیشاتری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پروین کمار شرما نے بتایا کہ بھٹکل کا یہ ہونڈا شو روم ایک مکمل 3S سہولت فراہم کرتا ہے، جس کے تحت سیلز، سروس اور اسپیئر پارٹس ایک ہی جگہ دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صارفین یہاں نئی گاڑیاں خریدنے کے ساتھ ساتھ سروس، مینٹیننس، وارنٹی سہولتوں اور ہونڈا کے اصل اسپیئر پارٹس و ایکسیسریز بھی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے گاڑیوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئے گی۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ کے ایل ہونڈا کے افتتاح سے بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں کے عوام کو معیاری، قابلِ اعتماد اور جدید دو پہیہ گاڑیوں کی بہتر سہولت دستیاب ہوگی۔
کے ایل ہونڈا شو روم نوائط کالونی، نیشنل ہائی وے 66، نزد تینگن گنڈی کراس، بھٹکل میں قائم کیا گیا ہے۔