ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: سنیہا اسپیشل اسکول کے بچوں کے لیے ’نما اوٹا‘ (ہمارا کھانا) پروگرام کا کامیاب انعقاد

بھٹکل: سنیہا اسپیشل اسکول کے بچوں کے لیے ’نما اوٹا‘ (ہمارا کھانا) پروگرام کا کامیاب انعقاد

Fri, 07 Nov 2025 11:44:31    S O News
بھٹکل: سنیہا اسپیشل اسکول کے بچوں کے لیے ’نما اوٹا‘ (ہمارا کھانا) پروگرام کا کامیاب انعقاد

بھٹکل، 7 نومبر (ایس او نیوز):انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل، اتر کنڑا این ایس ایس یونٹ اور ساحل آن لائن میڈیا  کے اشتراک سے بدھ کے روز سنیہا اسپیشل اسکول اینڈ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کے لیے ’نما اوٹا‘ یعنی ’ہمارا کھانا‘ کے عنوان سے دوپہر کے کھانے کا ایک مثالی اور قابلِ ستائش پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔

اس پروگرام کا مقصد سماج میں انسانیت، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ بچوں نے خوشی و مسرت کے ماحول میں کھانے سے لطف اٹھایا اور منتظمین نے خصوصی طور پر ہر بچے کی سہولت کا خیال رکھا۔

اس موقع پر پروگرام کی نگرانی انجمن کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد یوسف کولا اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے نے انجام دی۔

پروفیسر محمد یوسف کولا نے کہا کہ ’’مستحق اور خصوصی بچوں کی مدد کرنا ایک اعلیٰ انسانی فریضہ ہے، ایسے اقدامات معاشرے میں نیکی اور باہمی ہمدردی کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں۔‘‘ مبشر حسین ہلارے نے بتایا کہ یہ ’نما اوٹا‘ کا تیسرا سلسلہ وار پروگرام تھا، جس کا مقصد بچوں میں خوشی بانٹنے کے ساتھ خدمتِ خلق کے جذبے کو عام کرنا ہے۔

پروگرام میں این ایس ایس افسر دامور نائک، پروفیسر بی ایچ نداف، منجوناتھ پربھو، اُمیش میستا، کے کلیم اللہ، محترمہ پورنیما، محترمہ فمینہ فاطمہ سمیت دیگر اساتذہ اور این ایس ایس کے رضاکاروں نے سرگرم حصہ لیا۔

پروگرام کے اختتام پر منتظمین نے کھانے کی فراہمی اور تعاون میں شریک تمام اداروں اور افراد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔


Share: