ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلتنگڈی : مقتول سوجنیا کے لئے انصاف کا مطالبہ - بینگلورو سے دھرمستھلا تک پدیاترا - مقامی لوگوں نے روکا راستہ - دو گروہوں کے بیچ تصادم

بیلتنگڈی : مقتول سوجنیا کے لئے انصاف کا مطالبہ - بینگلورو سے دھرمستھلا تک پدیاترا - مقامی لوگوں نے روکا راستہ - دو گروہوں کے بیچ تصادم

Tue, 22 Jul 2025 13:01:24    S O News

بیلتنگڈی،  22 / جولائی (ایس او نیوز) کچھ سال قبل دھرمستھلا میں مبینہ طور پر عصمت دری اور قتل کا شکار ہونے والی سوجنیا نامی طالبہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک گروہ بینگلورو سے دھرمستھلا تک پدیاترا پر نکلا تھا ۔ مگر جب وہ گروہ دھرمستھلا پہنچا تو مقامی افراد کے دوسرے گروہ نے دھرمستھلا کے گیٹ کے قریب ان کا راستہ روکا جس کی وجہ سے دونوں گروہوں کے درمیان تصادم ہوا ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ مقتول سوجنیا کے لئے انصاف کا مطالبہ کرنے والا دس افراد پر مشمتل یہ گروہ بینگلورو یلہنکا سے شرنپّا کبجا نامی شخص کی قیادت میں دھرمستھلا تک پہنچا تھا ۔ ان کے انتظار میں بیٹھے ہوئے تقریباً پچاس مقامی افراد پر مشتمل ایک دوسرے گروہ نے دھرمستھلا کے داخلی دروازے پر ان کا راستہ روکا ۔ ان کا الزام تھا کہ پدیاترا پر آنے والے لوگوں نے دو دن قبل سوشیل میڈیا پر دھرمستھلا اور اس کے دھرم گرو کے خلاف نازیبا باتیں پوسٹ کی تھیں ۔ مشتعل مقامی گروہ کا اصرار تھا کہ پدیاتری پہلے اس بات کے لئے معافی مانگیں ۔ اس کی وجہ سے دونوں گروہوں کے بیچ تکرار شروع ہوگئی اور تھوڑی دیر کے لئے ماحول کشیدہ ہوگیا ۔
    
دونوں گروہوں کے درمیان تقریباً آدھے گھنٹے تک تکرار چلتی رہی جس کے بعد وہاں پر موجود پولیس والوں نے مداخلت کی اور پدیاتریوں کو بلا کر دھرمستھلا پولیس اسٹیشن میں لے گئے ۔ اسی دوران سیکڑوں مقامی افراد پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور پدیاتریوں کے خلاف غصے اور اشتعال کا مظاہرا کرنے لگے ۔ اس کے بعد پولیس نے پدیاتریوں کو دھرمستھلا جانے کے بجائے پولیس اسٹیشن سے ہی واپس لوٹ جانے کی ہدایت دی ۔    


Share: