بھٹکل ، 20 / دسمبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے مشہور اور اہم ترین سیاحتی مقامات میں شامل مرڈیشور ساحل پر آئے دن پیش آنے والے غرقابی کے جان لیوا حادثات کے پس منظر میں پولیس نے 'سیف ٹور' کے عنوان سے ایک مہم چلائی جس کے دوران تقریباً پانچ ہزار طلبہ کو سمندری موجوں اور ساحل سمندر کے خطرات کی ضروری جانکاری فراہم کی گئی اور انہیں سیاحت سفر کے دوران خاص طور پر ساحلوں پر محتاط رہنے اور اپنی جان کی حفاظت سے متعلقہ اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس مرتبہ سیاحتی موسم شروع ہونے کے بعد اب تک چکبالاپور، منڈیا، ہاسن، داونگیرے، شیموگہ، ہاویری اور ٹمکور ضلع کے مختلف اسکولوں اور کالجوں سے آنے والے 5000 سے زائد طلبہ سے پولیس نے مرڈیشور ساحل پر ہی ملاقات کی اور طلبہ کے مختلف گروپس کو مخاطب کرکے انہیں احتیاطی اقدامات اور محفوظ طریقے سے سیاحت کے لئے ضروری معلومات فراہم کی ۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی اس مہم کا بہت ہی مثبت اثر ہوا ہے اور پچھلے کچھ دنوں سے یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ یا حادثہ پیش نہیں آیا ہے ۔
سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر پولیس نے چند رہنما خطوط پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جس کے تحت مرڈیشور ساحل سمندر کی گہرائی اور موجوں کے اندرونی تیز بہاو کو دیکھتے ہوئے یہاں ممکنہ حد تک تیرنے سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ جس مقام پر "تیرنا منع ہے" کا بورڈ لگا ہوا ہے اس جگہ تیرنے کی جرات کرنے اور نشے کی حالت میں سمندر میں اترنے سے باز رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ سمندری موجوں میں کھڑے ہو کر سیلفی لینے یا ریلس بنانے کی کوشش کرنا اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف بتاتے ہوئے اس سے بھی دور رہنے، بچوں کو سمندری لہروں کے قریب تنہا نہ چھوڑنے، لائف گارڈز اور پولیس کی ہدایت کو نظر انداز نہ کرنے کی صلاح دی گئی ہے ۔ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال پیش آنے پر قریبی پولیس اسٹیشن یا 112 پر فون سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔