بھٹکل، یکم دسمبر (ایس او نیوز): مانسون ختم ہوتے ہی مشہور سیاحتی مقام مرڈیشور میں ایک بار پھر سیاحوں کی آمد تیز ہوگئی ہے۔ بیرونی علاقوں سے آنے والے کئی سیاح سمندر کی دلکش لہروں کو دیکھ کر بے اختیار پانی میں کود پڑتے ہیں، جس کے نتیجے میں اکثر غرقابی کے حادثات رونما ہوتے ہیں۔ انہی خدشات کے پیش نظر مرڈیشور پولیس نے مختلف اسکولوں سے آئے ہوئے طلبہ کے لیے سمندر کے خطرات اور ساحلی سیکورٹی سے متعلق ایک خصوصی بیداری مہم کا انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق مرڈیشور پولیس نے ساحل پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے درجنوں اسکولی بچوں کو جمع کرکے انہیں اچانک اٹھنے والی اونچی لہروں، سمندر میں پیدا ہونے والے خطرناک کرنٹس، اور بے احتیاطی کے ساتھ پانی میں اُترنے کے ممکنہ نتائج کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔

پولیس اہلکاروں نے طلبہ کو یہ بھی سمجھایا کہ سیلفی لیتے وقت پانی کے بہت قریب کھڑے ہونا کس قدر خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، جبکہ سمندر کے مقررہ حدود سے باہر جانا جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کو ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن نمبرز کے استعمال اور لائف گارڈز کی ہدایات پر عمل کرنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آخر میں مرڈیشور پولیس نے عوام اور آنے والے سیاحوں سے اپیل کی کہ ساحل کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے وقت احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظرانداز نہ کریں، کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔