ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: کابینی میٹنگ میں مرڈیشور کو پٹن پنچایت کا درجہ دینے کا فیصلہ

بھٹکل: کابینی میٹنگ میں مرڈیشور کو پٹن پنچایت کا درجہ دینے کا فیصلہ

Fri, 28 Nov 2025 10:50:47    S O News
بھٹکل: کابینی میٹنگ میں مرڈیشور کو پٹن پنچایت کا درجہ دینے کا فیصلہ

بھٹکل 28/ نومبر (ایس او نیوز): عالمی شہرت یافتہ ساحلی سیاحت گاہ مرڈیشور کو اب پٹن پنچایت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں جمعرات کو منعقدہ کابینہ اجلاس میں اس سلسلے کی تجویز منظور کرلی گئی۔

مرڈیشور، جہاں ہندوؤں کے بھگوان شیو کا آتماننگ واقع ہے اور جو اپنی دلکش ساحلی خوب صورتی کے سبب دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے، ریاستی حکومت کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی مزید بہتری کا منتظر تھا۔

ڈاکٹر آر۔ این۔ شیٹی کے ویژن سے جنم لینے والا یہ شہر آئے دن ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ سیاحوں اور مقامی باشندوں کی سہولت میں اضافہ کرنے کے مقصد سے حکومت نے ماولی -1 اور ماولی -2 گرام پنچایتوں کو منسلک کرکے "مرُڈیشور پٹن پنچایت" تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصلے پر ردِّ عمل ظاہر کرتے ہوئے بھٹکل کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر برائے ماہی گیری و ضلع انچارج منکال ویدیا نے کہا کہ:"عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ترقی ہی ہماری بنیادی پالیسی ہے۔"

انہوں نے اس اہم فیصلے کی منظوری میں تعاون دینے پر وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، وزیر برائے شہری ترقی بیرتی سریش اور وزیر برائے بلدی انتظامیہ رحیم خان کا شکریہ ادا کیا۔


Share: