ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی: بی ایم سی انتخابات میں بھٹکل کی رافعہ دامودی مجگاوں حلقہ سے کانگریس ٹکٹ پر مضبوط دعویدار

ممبئی: بی ایم سی انتخابات میں بھٹکل کی رافعہ دامودی مجگاوں حلقہ سے کانگریس ٹکٹ پر مضبوط دعویدار

Tue, 13 Jan 2026 19:00:06    S O News
ممبئی: بی ایم سی انتخابات میں بھٹکل کی رافعہ دامودی مجگاوں حلقہ سے کانگریس ٹکٹ پر مضبوط دعویدار

ممبئی، 13 جنوری (ایس او نیوز): برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے آئندہ انتخابات میں کرناٹک کے ساحلی شہر بھٹکل سے تعلق رکھنے والی رافعہ دامودی، وارڈ نمبر 209 مجگاوں حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں اور انہیں اس حلقے کی ایک مضبوط اور سنجیدہ امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ، پیشے سے ٹیچر اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار رافعہ دامودی کو عوامی حلقوں میں اچھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں میونسپل کارپوریشن کے مجموعی طور پر 29 حلقوں میں 15 جنوری کو ایک ساتھ انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ آج منگل انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ پرامن اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے پولنگ کے دن یعنی جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

بی ایم سی کے 227 وارڈوں کے لیے اس مرتبہ تقریباً 1,700 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق شہری انتخابات کے لیے ووٹنگ 15 جنوری کو صبح 7:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک ہوگی، جبکہ نتائج کا اعلان 16 جنوری، جمعہ کے روز کیا جائے گا۔

mazgaon-rafia-damudi

وارڈ نمبر 209 مجگاوں حلقہ میں مجگاوں، بائیکلہ اور واڈی بندر کے علاقے شامل ہیں، جہاں اندازاً 40 ہزار ووٹرس ہیں۔ اس حلقے میں مسلم آبادی کا تناسب تقریباً 45 فیصد بتایا جا رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ اگر مسلمان ووٹرس متحد ہو کر، مرہٹی عوام کے ایک حصے کی حمایت کے ساتھ رافعہ دامودی کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو ان کی کامیابی کے امکانات خاصے روشن ہیں۔

اس حلقے سے کانگریس کی جانب سے ابتدا میں رافعہ دامودی کے بھائی یاسر دامودی کو ٹکٹ ملنا تقریباً طے مانا جا رہا تھا، کیونکہ وہ طویل عرصے سے کانگریس سے وابستہ ہیں اور سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ تاہم، عین وقت پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اس وارڈ کو خواتین کے لیے محفوظ (ویمن ریزرویشن) قرار دیے جانے کے بعد کانگریس قیادت نے رافعہ دامودی کی تعلیمی، سماجی اور عوامی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں امیدوار نامزد کیا۔

یاد رہے کہ اس حلقے میں رافعہ دامودی کے مقابلے بی جے پی کی جانب سے یامنی ایشونت جادھو، سماج وادی پارٹی سے سیما عمران مُلّا، این سی پی سے ہرشلا سروے اور عام آدمی پارٹی سے اسنیہا بھوسلے بھی میدان میں ہیں۔

rafiya-damudi-bmc

بھٹکل نوائط کالونی سے تعلق رکھنے والی رافعہ دامودی بنت عبدالرشید دامودی کی پیدائش ممبئی میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ گریجویشن بھی ممبئی ہی سے مکمل کی ہے اور وہ ایک ٹیچر کی حیثیت سے عوام میں اچھی شناخت رکھتی ہیں۔ ان کے بھائی یاسر دامودی بھی عوامی حلقوں میں خاصے مقبول ہیں اور وہ اپنی بہن کی انتخابی مہم میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یاسر دامودی بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے سرگرم رکن بھی ہیں۔

حال ہی میں بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ذمہ داران نے مجگاوں میں واقع کانگریس دفتر پہنچ کر رافعہ  اور ان کے بھائی یاسر دامودی سے ملاقات کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جماعت کے نائب صدر ریاض جاکٹی، جنرل سیکریٹری حنظلہ کریکال، نائب سیکریٹری عبدالسلام دامودی، خازن قمرالزماں موٹیا کے علاوہ امین، آواب ددیگر  ذمہ داران موجود تھے۔ جماعت کے صدر عمر خلیفہ اور چیف اکاؤنٹنٹ فصیح پٹیل (سی اے) سمیت دیگر عہدیداران نے بھی رافعہ دامودی اور ان کے بھائی کو انتخابات کے لیے نیک خواہشات پیش کیں ہیں۔

Click here for report in English


Share: