مولکی، 3/ جنوری (ایس او نیوز) تالیپاڈی انگرگڈے پولیس اسٹیشن حدود میں جبری وصولی کرنے کے مقصد سے ایک کسان پر حملہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
مولکی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی شکایت کے مطابق سنگھ پریوار کے کارکنان کی طرف سے جبراً رقم وصول کرنے کے مقصد سے شمسو صاحب نامی شخص کے گھر کے اندر زبردستی داخل ہو کر یہ واردات انجام دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شیام سندر شیٹی، اکشئے پجاری اور سوین نامی ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس کے پاس درج شکایت کے مطابق شمسو صاحب اپنے مویشیوں کو پڑوسی جگّو شیٹی کے باڑے میں باندھتے ہیں ۔ ان مویشیوں میں کچھ کمبلا دوڑ میں حصہ لینے والے بھینسے بھی ہیں ۔ حال ہی میں ان کے بھینسے کمبلا دوڑ مقابلے میں دوسرا انعام جیتا تھا ۔
جمعرات کے دن صبح کے وقت ملزمین نے مذکورہ باڑے میں پہنچ کر بھینسوں کا فوٹو اور ویڈیو بنایا تھا ۔ پھر شام کو جب شہاب الدین اپنے والد شمس الدین کے ساتھ ان بھینسوں کے جسم پر تیل مل کر مالش کر رہے تھے تو ملزم شیام سندر، اکشئے اور سوین لوہے کی سلاخوں کے ساتھ وہاں پہنچے اور ناشائستہ گالیاں دیتے ہوئے کمبلا دوڑ میں حصہ لینے والے بھینسوں کے بارے میں سوال کیے اور پچاس ہزار روپوں کی مانگ رکھی ۔ جب شہاب الدین نے رقم طلب کی وجہ پوچھی تو جھگڑا بڑٰھ گیا ۔
شہاب الدین کا الزام ہے کہ ملزم شیام سندر اور اکشئے نے اس پر حملہ کیا، گالیاں دیں اور بھینسوں کو ذبح کرنے کے لئے رکھنے کا الزام لگایا ۔ جب شہاب الدین نے اس جھگڑے کی ویڈیو ریکارڈنگ شروع کی تو سوین نے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور لوہے کی سلاخ سے اس کے سر پر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ شیام سندر نے جب شمس الدین پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اپنے باپ کو بچانے کے لئے شہاب الدین آگے بڑھا اور اسی دوران مقامی لوگ جمع ہونے لگے تو ملزمین جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ۔
پولیس نے جگو شیٹی کے مکان پر پہنچ کر وہاں شمسو صاحب کے مویشی باندھنے کی جگہ کا معائنہ کیا اور معاملہ درج کرنے کے بعد ملزمین کو گرفتار کرنے کی کارروائی انجام دی ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔
ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے :متاثرہ شخص شمسو صاحب کا کہنا ہے کہ وہ ایک کسان ہیں اور ان کے پاس دس مویشی ہیں جن میں سے 9 کمبلا دوڑ کے بھینسے ہیں جو وہ کئی برسوں سے پال رہے ہیں ۔ اس مرتبہ حملہ کی واردات انجام دینے والے ملزم شیام سندر شیٹی اور ان کی ٹولی نے تین سال قبل بھی اسی طرح مویشیوں کے باڑے میں زبردستی گھس کر ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا ۔ جب رقم دینے سے انکار کیا گیا تو اس پر غیر قانونی ذبیحہ کے لئے 19 گائیں باڑے میں رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجے میں مویشی ضبط کیے گئے تھے ۔ وہ معاملہ آج بھی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔