بھٹکل، 18 فروری (ایس او نیوز): تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ کرناٹک ڈیولپمنٹ پروگرام (KDP) کے سہ ماہی جائزہ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اُترکنڑا ضلع کے انچارج وزیر منکال وئیدیا نے افسران کو سخت ہدایت دی کہ مالی سال 2025-26 کے تحت جاری شدہ تمام ترقیاتی فنڈز مارچ کے اختتام تک مکمل طور پر خرچ کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر گرام پنچایت یا تعلقہ سطح پر فنڈ استعمال نہ ہونے کی وجہ سے واپس چلا گیا تو متعلقہ افسران اور ایڈمنسٹریٹرز کو اس کے لیے براہِ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
وزیر نے تعلقہ سرکاری اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارون کو ہدایت دی کہ مریضوں کو باہر سے دوائیں خریدنے کی پرچیاں دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ جن دواؤں کی کمی ہو، اسپتال انتظامیہ فوری طور پر خریداری کر کے مریضوں کو فراہم کرے تاکہ غریب مریضوں کو اضافی بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔
وزیر نے کے ایس آر ٹی سی ڈپو منیجر دیواکر کو ہدایت دی کہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے طلبہ کے لیے امتحانی ایام میں مناسب بس سہولت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بھٹکل-ہوناور “جنا سنیہی” بس سروس بند ہونے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا کہ ایم ایل اے کے دور میں فراہم کی گئی 20 بسوں کا کیا ہوا؟
انہوں نے کنداپور اور منگلورو کے لیے براہِ راست بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرنے، روٹ بسوں کی خرابی کی فوری اطلاع دینے اور خستہ حال بسوں کو گجری میں ڈالنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

وزیر نے افسران کو گرمی کے موسم میں پینے کے پانی کی قلت نہ ہونے دینے کی تاکید کی اور کہا کہ اگر اضافی فنڈ درکار ہو تو فوری مطالبہ پیش کیا جائے۔ مانسون سے قبل برساتی نالیوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کا مکمل انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
محکمہ مویشی پالن کے ڈاکٹر شیوا کمار کو ہدایت دی گئی کہ حکومت کی جانب سے فی لیٹر دودھ پر دی جانے والی 6 روپے کی ترغیبی رقم سے بھٹکل کے کسانوں کو واقف کرایا جائے۔ دودھ جمع کرنے کے مراکز قائم کر کے کسانوں کو سرکاری اسکیم سے مستفید کرنے کا منصوبہ تیار کیا جائے۔
بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش کو ہدایت دی گئی کہ مالی سال 2026-27 کے اختتام تک تعلقہ کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کی اپنی عمارتیں ہوں اور بنیادی سہولتیں مکمل ہوں۔ وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ مطلوبہ فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت تقریباً چار لاکھ کروڑ روپے کے بجٹ کی تیاری میں مصروف ہے اور عملے کی کمی دور کرنے کے لیے مختلف محکموں میں دو لاکھ افراد کی بھرتی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ بارش سے قبل بیج اور کھاد کا وافر ذخیرہ رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں تعلقہ پنچایت ایڈمنسٹریٹو آفیسر شیوکّا ایم، انچارج اسسٹنٹ کمشنر پروین کرانڈے، تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی، سی ای او سنیل ایم سمیت مختلف محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔