ہوناور 27 / فروری (ایس او نیوز) وزیر برائے پی ڈبلیو ڈی ستیش جارکی ہولی نے اپنے دورے کے موقع پر سمشی کے قریب واقع جھولتے پُل کا معائنہ کیا اور عوام کے مطالبے پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے یہاں ایک اور اضافی پُل تعمیر کرنے کا تیقن دیا۔
خیال رہے کہ شراوتی ندی کنارے پر کدری گرام کے سمشی میں 2016 میں یہ جھولتا ہوا پُل اس وقت تعمیر کیا گیا تھا جب نویدیت الوا کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے صدر تھے ۔ یہ پُل شراوتی کنارے کے دائیں طرف واقع تقریباً چھ دیہاتوں کو جوڑنے کا کام کرتا ہے۔
وزیر جارکی ہولی کے حالیہ دورے کے موقع پرمختلف گاوں والوں کی طرف سے ان سے مطالبہ کیا گیا کہ موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے اس پُل سے متصل ایک اور پُل تعمیر کیا جانا چاہیے ۔ اس کے جواب میں وزیر موصوف نے بتایا کہ اس تعلق سے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اس کے لئے تقریباً 50 کروڑ روپیوں سے زائد خرچ آ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، ضلع کانگریس صدر سائی گاونکر، گرام پنچایت سابق صدر فیصل مستان، یوگیش رائیکر، ایشور نیلیّا نائک، گووند نائک، چندر کانت کوچریکر اور سرکاری افسران موجود تھے۔
