ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے کارکلا میں طبی لاپرواہی کا الزام ثابت؛ نجی اسپتال کے تین ڈاکٹروں کے خلاف معاملہ درج

اُڈپی کے کارکلا میں طبی لاپرواہی کا الزام ثابت؛ نجی اسپتال کے تین ڈاکٹروں کے خلاف معاملہ درج

Wed, 31 Dec 2025 19:45:51    S O News

اُڈپی 31 / دسمبر (ایس او نیوز) ضلع اُڈپی کے کارکلا میں چھ ماہ قبل پیش آئے طبی لاپرواہی کے ایک مبینہ معاملے کے سلسلے میں اُڈپی کے ڈسٹرکٹ سرجن کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر کارکلا سٹی پولیس اسٹیشن میں ایک نجی اسپتال کے تین ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ زُبیدہ (52) نامی ایک مریضہ کا ہے جو آپریشن کے دوران فوت ہوگئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ زُبیدہ کے  پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے بعد 10 مئی کو کارکلا کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر اسے آئی وی فلوئڈ دینے کا انتظام کیا۔ جب مریضہ کی حالت بہتر نہیں  ہوئی تو ان کی بیٹی مُبینہ نے ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کی درخواست کی۔

بتایا جاتا ہے کہ مریضہ کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹر ناگ رتنا نے مریضہ کے گھر والوں کو بتایا کہ زُبیدہ کی جان کو خطرہ ہے اس لئے فوری طور پر سرجری کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد مریضہ کو آپریشن تھیٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر ناگ رتنا، ڈاکٹر راحت اللہ اور ڈاکٹر تُشار موجود تھے ۔ الزام ہے کہ تھوڑی دیر  بعد  ڈاکٹر راحت اللہ نے  آپریشن تھیٹر سے باہر آ کر اہل خانہ کو بتایا کہ زُبیدہ کی موت ہو گئی ہے۔

بعد ازاں زُبیدہ کی بیٹی مُبینہ کی طرف سے کارکلا سٹی پولیس اسٹیشن میں  یہ الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کروائی گئی تھی کہ ڈاکٹر بروقت علاج فراہم کرنے میں ناکام رہے، مناسب طبی معائنہ نہیں کرایا اور سرجری کو لاپرواہی سے آگے بڑھایا ۔

شکایت ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ کو ایک مراسلہ بھیجا گیا جس میں موت اور مبینہ غفلت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے اُڈپی کے ضلع اسپتال کے سرجن ڈاکٹر ایچ اشوک نے تحقیقات کی اور تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔

رپورٹ میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈاکٹر سرجری سے قبل لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام رہے اور ایسا کرنے کے لیے کافی وقت ہونے کے باوجود مریضہ کے لواحقین کو اس کی طبی حالت کے بارے میں مناسب طور پر آگاہ نہیں کیا۔ اس رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ مریضہ کی موت آپریشن کے دوران ہوئی تھی، جس کی تصدیق اس میں شامل ڈاکٹروں کے تحریری بیانات سے ہوتی ہے۔ ان اسباب کی بنیاد پر اس رپورٹ میں  یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ پہلی نظر میں سرجری کے طریقہ کار میں واضح طور پر طبی غفلت ہوئی تھی۔

اس رپورٹ کی بنیاد پر کارکلا سٹی پولیس نے تینوں ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے۔


Share: