منگلورو 11 / فروری (ایس او نیوز) شادی ایپ کے ذریعے شادی کی خواہشمند خواتین سے رابطہ قائم کرنے اور ان کے ساتھ شادی کرنے کا جھانسہ دے کر رقم اینٹھنے کے بعد دھوکہ دینے والے ملزم کے علاوہ اس دھوکہ دہی میں اس کا ساتھ دینے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
اس معاملے کے کلیدی ملزم کی شناخت سشانت پجاری عرف سشانت انکش پجاری عرف سشانت جی کرکیرا (32 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ جبکہ ملکی کے رہنے والے بھاسکر نامی ایک اور شخص کو اس دھوکہ دہی میں سشانت کا ساتھ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔
یہ معاملہ اس وقت روشنی میں آیا جب ایک متاثرہ خاتون نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی کہ سشانت نے شادی کے لئے جوڑی تجویز کرنے والے آن لائن پلیٹ فارم سے اس کے ساتھ دوستی کی اور 2 فروری 2025 کو نوی ممبئی میں اس کے ساتھ شادی کی ۔ اس کے بعد 15 نومبر 2025 کو غائب ہونے تک سشانت نے الگ الگ قسطوں میں اس سے 6.60 لاکھ روپے اینٹھ لیے ۔ جب اس نے تحقیقات کی تو اسے پتہ چلا کہ سشانت پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس نے نہ صرف دھوکے سے اس کے ساتھ شادی کی تھی بلکہ اس سے قبل بہت سی خواتین کو بھی اس نے اسی طریقے سے دھوکہ دیا تھا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد تفتیش کے دوران سشانت نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سے قبل 2012 اس نے اڈپی کی ایک لڑکی سے شادی کی تھی ۔ اس کے علاوہ شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس نے اڈپی، کارکلا، ممبئی اور بینگلورو میں ایک ایک خاتون کو دھوکہ دیا ہے اور ان سے رقمیں وصول کی ہیں ۔
پولیس کے بیان کے مطابق بھاسکر خواتین کے کنبے کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے سشانت کا چچا بن کر اس کا ساتھ دے رہا تھا ۔ اس نے سشانت کے خاندان کے ذمہ دار کی حیثیت سے ممبئی میں ہوئی شادی میں باضابطہ طور باضابطہ مذہبی رسومات میں حصہ لیا تھا ۔
سشانت پجاری کے بارے میں پولیس نے بتایا ہے کہ وہ ایک عادی مجرم ہے جس کے خلاف منگلورو اوروا پولیس اسٹیشن، اڈپی کے کوٹا پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی اور چوری کے معاملات کے علاوہ مہاراشٹرا کے ارنال پولیس اسٹیشن میں سنگین جرم کے لئے پوکسو قانون کے تحت اور انسداد غیر قانونی انسانی اسمگلنگ قانون کے تحت مقدمات درج ہیں ۔
دونوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔