منگلورو، 23 / فروری (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں نقل و حمل کے میدان میں ایک نئے سنگ میل کا اشارہ کرتے ہوئے گنیش پرساد نے منگلور شہر میں پہلی پرائیویٹ الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
فی الحال شہر کے روٹ نمبر 27 پر یہ سروس دستیاب رہے گی اور اگر یہ پائلٹ پروجیکٹ کام رہتا ہے تو پھر مزید الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی ۔
خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے پرائم منسٹر ای - بس سیوا اسکیم کے تحت کرناٹکا کے لئے 750 برقی بسیں منظور کی ہیں ۔ اس کی وجہ سے پرائیویٹ بس سروس والوں کے لئے ایک بڑا چیلنج کھڑا ہو گیا تھا ۔ اسی پس منظر میں سرکاری بسیں سڑک پر نظر آنے سے پہلے ہی منگلورو میں پرائیویٹ برقی بسیں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو ملنے والی 750 میں سے 100 بسیں منگلورو شہر کے لئے حاصل ہونگی جو شہر کے مختلف علاقوں کے لئے چلائی جائیں گی ۔ میسکام اور کے پی ٹی سی ایل نے اس کے لئے کونٹیکان کے ایس آر ٹی سی ڈپو اور بیجائی بس اسٹینڈ میں چارجنگ پوائنٹس منظور کیے ہیں ۔ اگر منصوبہ کے مطابق تمام کارروائی مکمل ہوئی تو منگلورو شہر میں سرکاری برقی بسیں چھ مہینے کے اندر شروع ہونے کے امکانات ہیں ۔
یاد رہے کہ 1914 میں منگلورو میں ملک کا پہلا ٹرانسپورٹ بس سسٹم شروع ہوا تھا جب شنکر وٹل کمپنی کے منگلورو اور بنٹوال کے درمیان پرائیویٹ بس سروس شروع کی تھی ۔ اب ایک مہینے کے اندر یہاں پہلی پرائیویٹ الیکٹرک بس سروس بھی شروع ہونے جا رہی ہے جس کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں ۔