منگلورو ،29 / ستمبر (ایس او نیوز) ایک لڑکی کے برہنہ فوٹو لینے ، مسلسل جنسی ہراسانی کرنے اور عصمت دری کے کوشش کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں ہندو جاگرن ویدیکے لیڈر اور ملکی - موڈری ایم ایل اے اوماناتھ کوٹیان کے قریبی سمیت راج دھرے گڈے کے خلاف بجپے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ 2023 میں اس کے بھائی کا سڑک حادثہ ہوا تھا اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا تھا، تب ان کی معاشی تنگی کے پس منظر میں ان کے گھر پہنچنے والے سمیت راج نے ایم ایل اے اوماناتھ کوٹیان کا موبائل دے کر انہیں حالات بتانے کے لئے کہا تھا ۔ اس کے بعد ایم ایل اے اسپتال پہنچ کر مالی امداد کی تھی ۔
اس کے بعد سے ہی ملزم سمیت راج بار بار متاثرہ لڑکی کو فون کرتا رہا ۔ پھر اس نے اس کے ساتھ عشق ہونے اور شادی کرنے کی بات کہی تو متاثرہ لڑکی نے اپنی ماں سے اس سلسلے میں بات کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس کی ماں نے چھوٹی عمر کے سبب شادی کروانے سے انکار کر دیا ۔
لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے بعد بھی سمیت اسے بار بار فون کرکے گھر کے پاس یا کالج کے قریب ملاقات کے لئے دباو بناتا رہا اور نہ چاہتے ہوئے بھی وہ اس سے بات چیت کرتی رہی ۔ 23 مارچ 2023 کو جب وہ کالج سے لوٹ رہی تھی تو سمیت نے اسے کار میں بٹھا لیا اور بجپے ہوائی اڈے کے راستے پر ایک سنسان علاقے میں کار روک کر اس کے کپڑے اتارے اور عصمت دری کی کوشش کی ۔ جب اس نے شور مچانا شروع کیا تو اپنے ہاتھوں سے اس نے اس کا منھ بند کیا اور اس واقعے کے بارے میں کسی کو بھی بتانے پر اسے اور اس کے گھر والوں کو قتل کرنے کی دھمکی ۔
متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں یہ بھی بتایا ہے کہ جب اس نے سمیت کے ساتھ ملاقات کرنے اور گھومنے پھرنے جانے سے انکار کیا تو اس نے اپنے پاس اس کے برہنہ فوٹو ہونے اور انہیں وائرل کرنے کی دھمکی دی ۔ جب اس ہراسانی کے بارے میں موڈبیدری ایم ایل اے کو آگاہ کرنے کی بات اس نے کہی تو سمیت نے اسے اپنے اثر و رسوخ کا رعب دکھاتے ہوئے کہا کہ "میں ہندو جاگرن ویدیکے کا ضلع سطح کا لیڈر ہوں اور ایم ایل اے کا انتہائی قریبی ہوں ۔ میں جیسے کہتا ہوں ایم ایل اے ویسا ہی سنتے ہیں ۔ اگر میں کہوں تو وہ میرے ساتھ پولیس اسٹیشن میں آ جائیں گے ۔ میرے پیچھے میری تنظیم ہے ۔ کوئی پولیس والا میرا کچھ بگاڑ نہیں سکتا ۔ اگر تم نے میرے خلاف شکایت کی تو پھر تمہیں زندہ نہیں چھوڑوں گا ۔"
لڑکی کی شکایت پر پولیس نے سمیت کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے ۔ اس دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایک سڑک کے حادثے کے معاملے میں سمیت راج کا فون ضبط کرکے فارنسک جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا جس کے دوران فون کے ڈاٹا سے پتہ چلا ہے کہ اس میں چالیس سے پچاس فحش ویڈیو کلپس موجود ہیں ۔