
منگلورو 16/مارچ (ایس او نیوز): منگلورو پولیس نے ریاست کی تاریخ میں سب سے بڑی منشیات ضبطی کرتے ہوئے 37 کلوگرام سے زائد ڈرگس برآمد کرلیا، جس کی مالیت 75 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں بنگلورو سے دو جنوبی افریقی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس حکام نے اتوار کو اس بات کی تصدیق کی۔
منگلورو پولیس کمشنر انوپم اگروال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائی چھ ماہ قبل ایک گرفتاری کے بعد شروع ہونے والی تحقیقات کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں پولیس نے منگلورو کے پمپ ویل علاقے سے حیدر علی نامی شخص کو گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے 15 گرام ایم ڈی ایم اے (ڈرگس) برآمد ہوا تھا۔
بعد ازاں تحقیقات کے دوران بنگلورو میں نائیجیریا کے شہری پیٹر کو 6 کروڑ روپے مالیت کی ایم ڈی ایم اے کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ مزید تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ ایک بین الاقوامی منشیات مافیا کا حصہ ہے، جو دہلی اور بنگلورو کے درمیان فضائی راستوں کے ذریعے منشیات اسمگل کر رہا تھا۔
انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے، منگلورو سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے 14 مارچ کو بنگلورو پہنچنے والے دو جنوبی افریقی باشندے، 31 سالہ بمبا فینٹا اور 30 سالہ ابیگیل اڈونیس کو گرفتار کر لیا۔ انہیں الیکٹرانک سٹی کے نیلادری نگر علاقے سے حراست میں لیا گیا۔
تحقیقات میں ان کے سامان سے ایم ڈی ایم اے برآمد ہوا، جو ٹرالی بیگز میں چھپایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، پولیس کو ان کے قبضے سے چار موبائل فون، پاسپورٹ اور 18,000 روپے نقدی بھی ملے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، گرفتار افراد بنگلورو اور دیگر علاقوں میں سرگرم نائیجیریائی منشیات فروشوں کو منشیات فراہم کر رہے تھے۔
مزید یہ بھی شبہ ہے کہ وہ جعلی پاسپورٹ اور ویزے استعمال کر کے سفر کر رہے تھے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس منشیات نیٹ ورک کے دیگر ملوث افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔