منگلورو، 7 / اپریل (ایس او نیوز) شہر کی ویمنس پولیس نے ہیجماڈی سے ایک نام نہاد عامل کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ جھاڑ پھونک کے ذریعے جادو ٹونا اور آسیب کا علاج کرنے کے نام خواتین عزت اور رقم لوٹا کرتا تھا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پر گرفتار کیے گئے شخص کا نام عبدالکریم عرف کولور استاد ہے جو گروویاناکیرے کا رہنے والا ہے ۔
متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ عبدالکریم جادو ٹونے کا علاج کرنے کے بہانے اسے بار بار اپنے پاس بلایا کرتا تھا اور وہ جب اپنی بہن کے ساتھ اس کے پاس جاتی تھی تو اس پر قرآنی آیات پڑھ کر دم کیا کرتا تھا ۔ پھر ایک دن اس کی بہن نہ رہنے کی وجہ سے جب وہ اکیلی اس کے پاس چلی گئی تو ملزم نے اس کی آبرو ریزی کی اور اس سے علاج کے لئے 55 ہزار روپے وصول کیے ۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے اس کے بعد علاج کے لئے بڑا خرچہ بتاتے ہوئے اس سے تقریباً ایک لاکھ روپے وصول کیے ۔
خبر یہ بھی ہے کہ ملزم عبدالکریم نے جادو ٹونا اور آسیب کا روحانی علاج کرنے کے نام پر اسی انداز میں بہت ساری خواتین کو دھوکہ دیا ہے ۔
منگلورو ویمنس پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بالا کرشنا نائیک نے کیس درج کرنے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے ۔