منگلورو، 16/ دسمبر (ایس او نیوز) شہر کے نہرو میدان کے پاس واقع ریجنل روڈ ٹرانسپورٹ آفیسر کے دفتر کو ایک ای میل موصول ہوا جس میں بم دھماکہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی ۔
پولیس ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے ای میل کے ذریعے بتایا تھا کہ آر ٹی او کے دفتر میں پانچ مقامات پر بم لگا دئے گئے ہیں ۔ حالانکہ یہ دھمکی بھرا ای میل اتوار کی شب میں موصول ہوا تھا مگر پیر کے دن دوپہر کے وقت یہ میل افسران کی نظر میں آیا ۔ افسران نے فوری طور پر پولیس کو اس بات کی اطلاع دی ۔
خبر ملتے ہی منگلورو پولیس تخریب کاری مخالف دستہ (اینٹی سبوٹیج چیک ۔ اے ایس سی) اور بم کو تلاش اور ناکارہ بنانے والے (بی ڈی ڈی ایس) اسکواڈ کے ساتھ موقع پہنچ گئی ۔ آر ٹی او دفتر کے باہر اور اطراف کے پورے احاطے میں گہرائی کے ساتھ جانچ کی گئی جس کے دوران کسی بھی قسم کی مشتبہ چیز ہاتھ نہیں لگی ۔
معلوم ہوا ہے کہ بم کی دھمکی والا یہ ای میل arna-aswin-sekar@outlook.com کے پتے سے بھیجا گیا تھا ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سیل اور تملناڈو کے ایل ٹی ٹی ای کے سابق اراکین کی ساز باز سے ریموٹ بم بلاسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس دھمکی بھرے ای میل کے اصل ذرائع کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
منگلورو سٹی پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے بتایا کہ آر ٹی او دفتر میں بم لگائے جانے کی دھمکی والا ای میل ملنے کے پس منظر اس مقام کی پوری طرح جانچ پڑتال کی گئی اور کسی بھی قسم کی دھماکہ خیز اشیاء وہاں پائی نہیں گئی ۔ یہ محض ایک دھمکی دی تھی ۔