منگلورو، 31 / جنوری (ایس او نیوز) شہر میں واقع 'گجرکیرے' کو ہندوانہ عقائد کے مطابق کبھی ایک مقدس جھیل کا مقام حاصل رہا ہے اس کے پانی کو کئی بیماریوں کا علاج کرنے کے لیے مفید مانا جاتا تھا، اب وہ پانی بیماریاں پیدا کرنے والے جراثیم سے آلودہ پایا گیا ہے ۔
لیباریٹری جانچ رپورٹس نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس جھیل کا پانی مکمل طور پر آلودہ ہوگیا ہے اور استعمال کے لیے غیر محفوظ ہے ۔
گجرکیرے منگلورو کی قدیم ترین جھیلوں میں سے ایک ہے اور اس کی بہت زیادہ مذہبی اہمیت ہے ۔ اگرچہ اس جھیل کو اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت کئی کروڑ روپے کی لاگت سے از سر نو تیار کیا گیا ہے اور دیکھنے والوں کے لئے یہ ایک دلکش نظارہ پیش کرتی ہے، لیکن اس کا پانی بے حد آلودہ ہوگیا ہے ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس جھیل میں گندے نالوں کا پانی داخل ہو رہا ہے ۔
عوام کا کہنا ہے کہ ایم سی سی اور اسمارٹ سٹی کے حکام سے بار بار اپیل کرنے کے باوجود اس کی صفائی کے لئے مبینہ طور پر اس تعلق سے کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حال ہی میں جھیل سے لیے گئے پانی کے نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ کرنے پر خطرناک نتائج سامنے آئے ہیں ۔ تازہ رپورٹ کے مطابق ہر 100 ملی لیٹر پانی میں کولیفارم بیکٹیریا کی کُل تعداد 1,600 پائی گئی ہے جب کہ فیکل کولیفارم کی تعداد بھی 1,600 نکلی ہے ۔
100 ملی لیٹر پانی میں بیکٹیریا کی اتنی زیادہ مقدار کی موجودگی کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے اور رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ پانی پینے کے قابل نہیں ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ تقریباً سات ماہ قبل بھی جھیل کے پانی کی جانچ کی گئی تھی اور اُس وقت بھی آلودگی کا پتہ چلا تھا ۔ تب بھی کولیفارم کی تعداد 1,600 تھی اور فیکل کولیفارم کی تعداد 500 تھی ۔ ظاہر ہے کہ ان پچھلے نتائج کے مقابلے میں بیکٹیریا کی سطح اب دوگنی ہو گئی ہے ۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی متعدد بار گجرکیرے کے پانی کی جا چکی ہے اور ہر بار خطرناک بیکٹیریا کا پتہ چلا ہے ۔ 2014 اور 2015 میں کیے گئے معائنے میں بیکٹیریا کی سطح تقریباً 1,100 ظاہر ہوئی تھی ۔ پھر جب 2016 میں دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا تو بیکٹیریا کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا تھا ۔
عام طور پر پانی کی جانچ میں جملہ کولیفارم بیکٹیریا (جسےعام طور پر غیر نقصان دہ تصور کیا جاتا ہے) اور فیکل کولیفارم بیکٹیریا کی جانچ پڑتال شامل ہوتی ہے، جو کہ سیوریج یا ٹوائلٹ کے فضلے سے آلودگی کی نشاندہی کرتے ہیں ۔
پانی کو اچھا اور پینے کے لیے موزوں سمجھنے کے لیے 100 ملی لیٹر پانی میں کولیفارم کی جملہ تعداد صفر ہونی چاہیے ۔ 1 سے 3 تک کی تعداد تسلی بخش سمجھی جاتی ہے جبکہ 4 سے 10 کی تعداد زیادہ اچھی نہیں ہوتی ۔ اگر یہ تعداد 10 سے زیادہ ہو جائے تو پانی پینے کے قابل نہیں سمجھا جائے گا ۔
اسی طرح پانی کے پینے کے قابل ہونے کے لیے فیکل کولیفارم بیکٹیریا کا بھی صفر کی سطح پر ہونا ضروری ہے ۔ تاہم گجرکیرے میں اس بیکٹیریا کی موجودہ سطح 1,600 کی خطرناک حد پر پہنچ گئی ہے ۔