منڈلا، 26 ستمبر (ایس او نیوز): مدھیہ پردیش کے منڈلا ضلع میں گنیش مورتی کے وسرجن کے بعد ایک گنیش پنڈال میں بجلی کا تار گرنے سے پنڈال میں سوئے ہوئے نوجوانوں پر بجلی کا شاک لگ گیا جس کے نتیجے میں چار نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ نائن پور تھانہ علاقے کے ہیراپور گاؤں کے کھِرکا محلے میں ہفتہ کی صبح تقریباً 5 سے 5:30 بجے پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاؤں میں جمعہ کو گنیش مورتی کا وسرجن کیا گیا تھا۔ وسرجن کے بعد گنیش فیسٹیول کمیٹی سے وابستہ تقریباً 7 سے 8 نوجوان واپس پنڈال پہنچے اور وہاں موجود سامان کی نگرانی کے لیے پنڈال کے اسٹیج پر ہی سوگئے۔ نائن پور ایس ڈی او پی منیش راج کے مطابق نوجوان تقریباً صبح 4 بجے وسرجن سے واپس آئے تھے اور اس کے بعد پنڈال میں سوئے۔
اسی دوران صبح اچانک پنڈال میں بجلی کا شاک لگ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بجلی کی تار ٹوٹ کر پنڈال پر گرنے یا شارٹ سرکٹ کے باعث بجلی کا شاک لگنے کا خدشہ ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کے کھمبے پر موجود عارضی کنکشن کے قریب سے تار ٹوٹ کر اسٹیج پر گرا، جس کے بعد اسٹیج میں یہ واردات پیش آئی؛ تاہم پولیس اور بجلی محکمہ نے ابھی تک حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔
حادثے میں جینو بھانورے (19)، روی جھاریا (24)، کرشن کمار بھانورے (18) اور وریندر بھانورے (24) کی موت ہوئی۔ تین نوجوان زخمی ہوئے، جن میں پریانشو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور اسے بہتر علاج کے لیے منڈلا ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر دو زخمیوں کا نائن پور اسپتال میں علاج جاری بتایا گیا ہے۔