ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 13 دسمبر کو ہوگی لوک عدالت؛ 2116 معاملات کی نشاندہی؛ فریقین کی رضامندی کے ساتھ تصفیہ کا سنہرا موقع

بھٹکل میں 13 دسمبر کو ہوگی لوک عدالت؛ 2116 معاملات کی نشاندہی؛ فریقین کی رضامندی کے ساتھ تصفیہ کا سنہرا موقع

Mon, 01 Dec 2025 12:53:33    S O News
بھٹکل میں 13 دسمبر کو ہوگی لوک عدالت؛ 2116 معاملات کی نشاندہی؛ فریقین کی رضامندی کے ساتھ تصفیہ کا سنہرا موقع

بھٹکل، یکم دسمبر (ایس او نیوز): 13 دسمبر کو بھٹکل کورٹ کے احاطے میں لوک عدالت منعقد ہوگی۔ متعلقہ افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس میں شریک ہوکر اپنے عدالتی معاملات کے حل کے لیے اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ اس کی جانکاری سینئر سول جج اور تعلقہ لیگل سروس کمیٹی کے صدر کانتا کورانی نے دی۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مجوزہ لوک عدالت میں فریقین اپنے وکیلوں کے تعاون سے لیگل سروس کمیٹی کے ذریعے اپنے سول (دیوانی) اور کریمنل (فوجداری) معاملات پیش کرکے فیصلہ کروانے کا موقع حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس لوک عدالت میں پیش کیے جانے کے قابل 2116 معاملات کی نشاندہی کی جاچکی ہے، جبکہ مزید معاملات بھی فریقین اپنے وکیلوں کے ذریعے پیش کرسکتے ہیں۔ اس عدالت میں پیش ہونے والے معاملات کا فیصلہ دونوں فریقین کی رضامندی سے کیا جائے گا۔

جج موصوف نے واضح کیا کہ لوک عدالت میں رضامندی سے حل ہونے والے معاملات کے خلاف اپیل کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ علاوہ ازیں، عدالت میں جمع کی گئی کورٹ فیس واپس مل جاتی ہے، جس سے فریقین پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں پڑتا۔ لوک عدالت کے ذریعے معاملات کے حل سے عدالتوں کے چکر کاٹنے سے نجات ملتی ہے اور فریقین کے درمیان پائی جانے والی دوریاں ختم ہوتی ہیں، جس سے سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لوک عدالت میں تصفیہ کے لیے آئی پی سی کے تحت درج معاملات، چیک باؤنس کے معاملات، سمجھوتے سے حل ہونے والے فوجداری معاملات، بینک قرضوں سے متعلق معاملات، موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت درج معاملات، زمین و جائیداد اور ایگزی کیوشن سے متعلق معاملات، اور سڑک حادثات کے معاملات پیش کیے جاسکیں گے۔ فریقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عدالت کے احاطے میں موجود لیگل سروس کمیٹی سے رابطہ کریں۔

مزید بتایا گیا کہ ٹریفک قانون کے تحت اگر کسی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے تو وہ 12 دسمبر تک جرمانے کی 50 فیصد رقم ادا کرکے اپنے معاملات کو لوک عدالت میں نمٹا سکتے ہیں۔ یہ سہولت 21 نومبر سے 12 دسمبر تک ہی فراہم کی جارہی ہے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر لیگل سروس کمیٹی کی سیکریٹری اور چیف سول جج دیپا ارلگنڈی، اور ایڈیشنل جج دھناوتی بھی موجود تھیں


Share: