بھٹکل، 15 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے معروف سماجی و رفاہی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے نام پر شیرور کی متعدد خواتین سے بھاری رقم اینٹھنے کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد تنظیم نے سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے پولس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے آپ کو تنظیم کا نمائندہ قرار دے کر پانچ لاکھ روپئے کا قرض دلانے کا جھانسہ دیتے ہوئے پڑوسی علاقہ شیرور کی 22 خواتین سے فی کس 12،000 روپئے کے حساب سے مجموعی طور پر چار لاکھ سے زائد رقم ہتھیا لی۔
اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے واضح کیا کہ "تنظیم کی پالیسی میں کسی کو قرض فراہم کرنا شامل نہیں ہے اور نہ ہی ماضی میں ایسا کبھی ہوا ہے۔ متعلقہ شخص نے تنظیم کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے خواتین کو دھوکہ دیا ہے، جو سنگین جرم ہے اور اس پر فوری قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔"
انہوں نے بتایا کہ تنظیم کے ذمہ داران ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے ماہرین قانون سے مشورہ کررہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پولس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے اور متاثرہ خواتین کو ان کی محنت کی کمائی واپس دلائی جائے۔
فی الحال دھوکہ کھانے والی 22 خواتین سامنے آئی ہیں، تاہم شبہ ہے کہ مذکورہ شخص نے مزید خواتین کو بھی نشانہ بنا کر لاکھوں روپئے اینٹھے ہوں گے۔
اس نیوز کے ریلیٹیڈ پہلے شائع کردہ رپورٹ:
بھٹکل تنظیم سے قرضہ دلانے کے نام پر نامعلوم شخص نے دیا شیرور کی خواتین کو لاکھوں روپئے کا دھوکہ