ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور : کنڈلور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نصیر حسین میراتھن دوڑ کے دوران فوت ہوگئے

کنداپور : کنڈلور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نصیر حسین میراتھن دوڑ کے دوران فوت ہوگئے

Sun, 01 Mar 2026 12:13:16    S O News
nasir_husain

کنداپور، یکم مارچ (ایس او نیوز) کنداپور دیہی پولیس اسٹیشن کنڈلور کے اسٹیشن ہاوس آفیسر عوام دوست سب انسپکٹر نصیر حسین آج صبح میراتھن دوڑ کے دوران ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس نے اپلے عملے کو صحت مند اور چاق و چوبند بنانے اور سائبر جرائم کے تعلق سے بیداری لانے کے مقصد سے "نمّا پولیس - نمّا ہیمّے" (ہماری پولیس - ہمارا فخر) کے عنوان سے چلائی جا رہی فٹنس ڈرائیو شروع کی ہے ۔ اسی سلسلے کی کڑی کے تحت کنداپور کے اجر کاڈو میدان میں پانچ کلو میٹر لمبی میراتھن دوڑ کا انعقاد کیا تھا، جس میں سب انسپکٹر نصیر حسین سمیت سیکڑوں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا تھا ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ دوڑتے وقت 56 سالہ سب انسپکٹر نصیر حسین اچانک ٹریک پر گر پڑے ۔  انہیں فوری طور پر شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں لے جایا گیا مگر وہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی ۔ 
    
نصیر حسین چکمگلورو ضلع کے موڈیگیرے کے رہنے والے اور ساحلی پٹی پر پولیس افسر کی حیثیت سے ان کا شاندار ریکارڈ رہا ہے ۔ کنداپور کے علاوہ بیندور، اماسے بئیلو، کولور وغیرہ میں ایس ایچ او کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں ۔ وہ ایک سابق فوجی جوان تھے جنہوں نے انڈین آرمی خدمات سے فارغ ہو کر پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ اپنے عوام دوست رویے کی وجہ سے ہر جگہ ان کی ستائش ہوتی رہی ہے ۔
    
اس وقت کنڈلور میں تعینات تھے اور وہاں سے ساحل آن لائن کے ایک ذریعے سے ملی خبر کے مطابق کل شب وہ کنڈلور کی جامع مسجد میں تراویح کی نماز میں بھی شامل تھے اور آج صبح انہوں نے داعیِ اجل کو لبیک کہا ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ 


Share: