کنداپور 11 / فروری (ایس او نیوز) کنڈلور کے پل کے پاس واراہی ندی سے غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کے مقام پر چھاپہ ماری کرتے ہوئے پولیس نے 11 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے ۔
اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ افراد کی شناخت ریت نکالنے کے مقام کا سپروائزر اجمل کے علاوہ راجبیر (35 سال)، رام کمار (40 سال)، گووندا چودھری (26 سال)، شیوامنی (32 سال)، جونا راجبیر (35 سال)، ستیہ دیوا (30 سال)، کملیش نشاد (35 سال)، سنتوش نشاد(23 سال)، اوم پرکاش راجبھر (34 سال) اور رمیش راجبھر (35 سال) نامی ملازمین کے طور پر کی گئی ہے ۔
چھاپہ ماری کے دوران پولیس نے چار کشتیاں ضبط کیں جن کی مجموعی قیمت کا اندازہ 3 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ ضبط کی گئی ریت کی قیمت کا تخمینہ 4,500 روپے لگایا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریت کے ذخیرے کے مالک سنیل شیٹی اور سپروائزر اجمل نے مبینہ طور پر ملازمین کو ندی سے ریت نکالنے اور اسے غیر قانونی طور پر مقررہ 'جیو باڑھ' کے باہر لے جا کر دوسری جگہ منتقل کرنے کے کام پر لگایا تھا ۔
کنداپور پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے کیس درج کیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔