ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شادی کی خریداری کے لئے بھٹکل آیا ہوا کمٹہ کا نوجوان اچانک لاپتہ؛ کیا اس کا اغوا ہوا ہے ؟

شادی کی خریداری کے لئے بھٹکل آیا ہوا کمٹہ کا نوجوان اچانک لاپتہ؛ کیا اس کا اغوا ہوا ہے ؟

Sun, 19 Oct 2025 20:12:31    S O News

بھٹکل، 19 اکتوبر(ایس او نیوز) شادی کی خریداری کے لئے بھٹکل آنے کے بعد کمٹہ کا ایک نوجوان پراسرارطورپرلاپتہ ہوگیا ہے،اوراس کی گمشدگی کو لے کرگمان کیا جارہا ہے کہ رقم کے لالچ کو لے کر کہیں کسی نے اس کااغوا تونہیں کیا۔ اس تعلق سے بھٹکل پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اورپولس چھان بین میں مصروف ہے۔

zakir-baig-kumta

لاپتہ ہونے والا نوجوان 32 سالہ ذاکر بیگ مسقط سے اپنی شادی کی تیاری کے لئے 6 اکتوبر کو کمٹہ پہنچا تھا۔ اس نے 10 اکتوبر کو ہبلی جاکر دلہن کے لئے کپڑوں کی خریداری کی تھی، اور جمعہ 17 اکتوبر کو اپنے بڑے بھائی کی بیوی اور بھتیجی کے ساتھ کمٹہ سے بھٹکل سونا خریدنے آیا تھا۔ ذاکر بیگ کے بھائی غفور بیگ کے مطابق، بھٹکل پہنچنے کے بعد ذاکر جمعہ کی نماز کے لئے نور مسجد گیا، جبکہ اس کی اہلیہ اور بیٹی (یعنی ذاکر کی بھابھی اور بھتیجی) کو بھٹکل کے گلمی علاقے میں واقع اپنے مکان بھیج دیا۔ نماز کے بعد جب تقریباً دیڑھ بجے تک وہ واپس گلمی نہیں پہنچا تو غفور کے رشتہ داروں نے ذاکر سے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر صرف ایک بار رِنگ بجنے کے بعد فون بند ہوگیا۔ اس کے بعد دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو رابطہ نہ ہوسکا۔

غفوربیگ نے بتایا کہ ذاکر کی شادی اس کی مرضی سے ہی 2 نومبر کو طے تھی۔ اُس کے پاس مسقط کی کرنسی بھی تھی، جسے وہ بھٹکل میں ایکسچینج کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ انہوں نے 18 اکتوبر کو بھٹکل پولیس تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، جس کی بنیاد پر پولیس مختلف زاویوں سے اس کی تلاش میں مصروف ہے۔

بھٹکل پولیس انسپکٹردیواکر کے مطابق، نور مسجد میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ذاکر کو نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلتے اور موبائل فون دیکھتے ہوئے پایا گیا ہے۔ انسپکٹر نے بتایا کہ اُس کے ہاتھ میں پاسپورٹ اور آدھار کارڈ بھی موجود تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر وہ کرنسی ایکسچینج کے مقصد سے پاسپورٹ ساتھ لایا ہوگا، تاہم پاسپورٹ نظرآنے کے بعد اس کے دیگرپہلووں کی بھی جانچ جاری ہے۔

پولس انسپکٹر نے واضح کیا کہ موبائل نٹ ورک کی بنیاد پر بھی اس کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے اور اس بات کی بھی چھان بین کی جارہی ہے کہ اس نے موبائل سے آخری بار کن کن لوگوں سے بات چیت کی ہے۔

عوام الناس سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ اس نوجوان کے بارے میں کسی کو بھی کوئی معلومات ہوں تو وہ مقامی پولیس تھانے کو اطلاع دیں۔

Click here for report in English


Share: