کاروار، 15 نومبر (ایس او نیوز): اُتر کنڑا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمٹہ ٹاؤن کے مختلف چوراہوں، ہائی وے جنکشنز اور مین روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں عام ہو گئی ہیں، جن میں غلط سمت میں گاڑی چلانا، بغیر ہیلمٹ دو پہیہ گاڑی چلانا، چار پہیہ گاڑی چلانے والوں کا سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنا، جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ، اور دکانداروں کی جانب سے سڑک پر قبضہ شامل ہے۔ ان مسائل سے عوامی جان و مال کو خطرہ لاحق ہونے کی وجہ سے اسسٹنٹ کمشنر پی. شروَن کمار نے عوام کی حفاظت کے لئے ٹریفک قوانین سختی سے نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پورے کمٹہ تعلقہ میں تمام دو پہیہ گاڑی سواروں، بشمول پچھلی نشست پر بیٹھنے والوں (4 سال سے اوپر)، کے لئے آئی ایس آئی سرٹیفائیڈ ہیلمٹ لازمی ہے اور پولیس محکمہ اسے سختی سے نافذ کرے گا۔
تعلقہ کے تمام پیٹرول پمپس پر بغیر ہیلمٹ دو پہیہ گاڑیوں اور بغیر سیٹ بیلٹ چار پہیہ گاڑیوں کو ایندھن نہیں دیا جائے گا۔ اسی طرح ’’NO HELMET / SEATBELT, NO FUEL‘‘ کا بورڈ لازماً نصب کیا جائے گا۔
قومی شاہراہ پر موجود غیر قانونی باکڑوں، چھوٹے اسٹالز، ریڑھیوں اور دکانوں کو فوراً ہٹایا جائے گا، اور آئندہ ایسی تعمیر کی اجازت نہیں ہوگی۔جس کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور IRB کے افسران اس حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔
بائیک کرایہ پر دینے والی سروس رکھنے والے افراد کو ہر کرایہ دار کو دو ہیلمٹ فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
18 سال سے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی کے مالک اور متعلقہ اسکول/کالج کے پرنسپل کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان قوانین کے تعلق سے کسی کو شکایت ہے تو وہ افراد 7 دن کے اندر سب ڈویژنل مجسٹریٹ کمٹہ کے دفتر میں تحریری اعتراضات داخل کر سکتے ہیں۔ مقررہ مدت میں اعتراضات موصول نہ ہونے پر حکم نافذ العمل ہوگا۔